سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان،ریاستوں اور سرحدی علاقوں نے لاہور میں جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر27 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم ہونے اور شہریوں کو پلاٹوں کی خرید و فروخت کے ذریعے ممکنہ فراڈ کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی جائیدادوں کے تحفظ اور معاملے کی مکمل چھان بین کی ضرورت پر زور دیا ہے
جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری اراضی پر 27 مبینہ غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز قائم ہونے کا انکشاف، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا نوٹس

مزید خبریں
لاہور۔10نومبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان،ریاستوں اور سرحدی علاقوں نے لاہور میں جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر27 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم ہونے اور شہریوں کو پلاٹوں کی خرید و فروخت کے ذریعے ممکنہ فراڈ کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی جائیدادوں کے تحفظ اور معاملے کی مکمل چھان بین کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ناصر محمود بٹ نے منگل کو سب کمیٹی کے ارکان سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر ندیم بھٹو کے ہمراہ لاہور میں جموں و کشمیر اسٹیٹ کی مختلف جائیدادوں کا دورہ کیا اور انکی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمیٹی ارکان نے سلطان پورہ اور رحمان پورہ میں واقع ریاستی اراضی کا معائنہ بھی کیا۔دورے کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر اسٹیٹ کی سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر27 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی گئی ہیں،جہاں شہریوں کو پلاٹ فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ بعض افراد ان اراضی پر مکانات بھی تعمیر کر چکے ہیں۔
کمیٹی کے علم میں یہ بات بھی لائی گئی کہ متعدد شہریوں کو زمین کی اصل ملکیت اور اس کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل آگاہی نہیں، جس کے باعث انہیں مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔کمیٹی ارکان نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریاستی اراضی کی ملکیت،ہاوسنگ سوسائٹیز کی قانونی حیثیت،پلاٹوں کی خرید و فروخت اور متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام ہو سکے۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے کمیٹی کو ریاستی جائیدادوں کی موجودہ صورتحال،انتظامی امور اور دستیاب ریکارڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمیٹی ارکان نے ریاستی اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کا بھی جائزہ لیا اور اس امر پر زور دیا کہ جموں و کشمیر اسٹیٹ کی جائیدادوں جیسے اہم ریاستی اثاثوں کا تحفظ اور شفاف انتظام یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر،گلگت بلتستان،ریاستوں اور سرحدی علاقوں کا تین روزہ اجلاس لاہور میں جاری ہے،جس کے دوران کمیٹی ارکان مختلف ریاستی جائیدادوں کا دورہ کر کے ان کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔







