وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے
صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے گی،سید عاشق حسین کرمانی

مزید خبریں
ملتان۔ 10 نومبر (اے پی پی):وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر زراعت پنجاب کی زیر صدارت ساہیوال میں گندم کی کاشت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں اراکین صوبائی اسمبلی پیر سید ولایت حسین شاہ، نوید اسلم لودھی، سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل، رائو سعد اجمل،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں، شہباز اختر اور ڈاکٹر عامر رسول، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ پاکپتن سے ممبر صوبائی اسمبلی جاوید چوہدری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں گندم کی کاشت کے اہداف اور کھادوں کی دستیابی سمیت دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرکے کاشتکاروں کے دل جیت لئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سیزن کے دوران صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ساہیوال ڈویژن کے لیے 8 لاکھ 65 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی۔صوبائی وزیر زراعت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، گھوڑی پال اور نمبرداری گرانٹ کے تحت مختص رقبوں پر بھی گندم کی کاشت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت پنجاب کھادوں کی مینوفیکچرنگ، درآمد اور صوبہ بھر میں بروقت فراہمی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور ربیع سیزن کے لیے کھادوں کے وافر ذخائر دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم کی خریداری کا طریقہ کار 15 مارچ تک وضع کر دیا جائے گا۔اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر میں کھادوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے، تمام فرٹیلائزر ڈیلرز کی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس موقع پرکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل نے کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر فعال عملی کردار ادا کرے گی۔







