سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا جس میں فاٹا و پاٹا کی ٹیکس چھوٹ سکیم کے مبینہ غلط استعمال، 1120 ارب روپے کے ٹیکس کی چوری اور لاہور میں چاندی بدلنے کی ہائی پروفائل ڈکیتی کیس کا جائزہ لیا گیا
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا جس میں فاٹا و پاٹا کی ٹیکس چھوٹ سکیم کے مبینہ غلط استعمال، 1120 ارب روپے کے ٹیکس کی چوری اور لاہور میں چاندی بدلنے کی ہائی پروفائل ڈکیتی کیس کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے ڈی جی این سی سی آئی اے کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ایف بی آراور ایف آئی اے کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2018ء سے جون 2026ء کے دوران فاٹا/پاٹا ٹیکس چھوٹ کے تحت 1120 ارب روپے کی درآمدات ہوئیں جبکہ محض 389 ارب روپے کے کنزمپشن سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے جس سے 730 ارب روپے سے زائد کا غیر مصدقہ فرق سامنے آیا ہے۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایف بی آر کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو ریکارڈ فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ پر آئین کے آرٹیکل 66 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اختیارات سے کوئی ادارہ اوپر نہیں ہے۔
کمیٹی نے مبینہ ٹیکس چوری میں ملوث بااثر افراد، منی لانڈرنگ اور لگژری لائف سٹائل کی تحقیقات کی ہدایت کی اور معاملہ کی حساسیت کے پیش نظر 16 نومبر 2026ء کو ان کیمرہ اجلاس طلب کر لیا۔اجلاس کے دوسرے حصے میں ایف آئی اے اور سیف سٹی کے حکام نے ’’سلور سوابنگ اینڈ ہسٹ کیس‘‘ پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ ملزمان نے نہایت مہارت سے لاہور ایئرپورٹ سے نکلتے ہی کنٹینر کی نالی کی چاندی کو سیسے (Lead) کی سلاخوں سے بدل دیا تھا اور جعلی سیلیں لگائی تھیں۔ سیف سٹی کے کیمروں اور ڈیجیٹل فارنسک کی مدد سے اس بین الصوبائی گینگ کو بے نقاب کیا گیا اور 400 کلوگرام میں سے 214 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چاندی برآمد کر لی گئی۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایف آئی اے اور سیف سٹی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس باریکی اور مہارت سے اس ڈکیتی کو ٹریس کیا گیا
اس واقعہ پر باقاعدہ فکشن یا سسپنس فلم بنائی جانی چاہیے تاکہ عوام کو ملزمان کے طریقہ واردات اور جدید تیکنیکی تحقیقات کی آگاہی مل سکے۔







