جنوبی اسرائیل میں حماس کے حملے کا نشانہ بننے والی میوزک پارٹی کے مقام سے ملنے والی نعشوں کی تعداد 250 ہو گئی

تل ابیب۔9اکتوبر (اے پی پی):جنوبی اسرائیل میں حما س کے حملے کا نشانہ بننے والے میوزک فیسٹول کے مقام سے اب تک مبینہ طور پر 250 سے زیادہ نعشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اسرائیلی ریسکیو ایجنسی زکا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نگیو کے صحرائی علاقے میں سپر نووا نامی اس میوزک فیسٹول کی تیاریا ں کئی ہفتوں سے جاری تھیں اور اس …

تل ابیب۔9اکتوبر (اے پی پی):جنوبی اسرائیل میں حما س کے حملے کا نشانہ بننے والے میوزک فیسٹول کے مقام سے اب تک مبینہ طور پر 250 سے زیادہ نعشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اسرائیلی ریسکیو ایجنسی زکا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نگیو کے صحرائی علاقے میں سپر نووا نامی اس میوزک فیسٹول کی تیاریا ں کئی ہفتوں سے جاری تھیں اور اس کا انعقاد سکوٹ نامی یہودی تہوار کے موقع پر کیا جانا تھا۔پارٹی میں شریک ایک خاتون نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ صبح کے وقت سائرن بجنے کی آواز کے ساتھ ہی راکٹ چلنے اور پھر فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

اس کے بعد گاڑیوں میں سوارفوجی وردیوں میں ملبوس مسلح افراد پارٹی کی جگہ داخل ہو گئےجو کیمپنگ ایریا،بار اور فوڈ ایریا پر مشتمل تھی ۔ پارٹی کے شرکا اس موقع پرجان بچانے کے لئے اپنی گاڑیوں کی طرف بھاگے لیکن بہت زیادہ فائرنگ کے نتیجے میں جان بچانے کی کوشش میں بھاگنے والے بہت سے لوگ زخمی ہو کر گر رہے تھے ۔

خاتون نے بتایا کہ اس نے ایک جھاڑی میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔پارٹی میں شریک ایک اور شخص نے بتایا کہ اس کے اندازے کے مطابق حملے کے وقت پارٹی میں شریک افراد کی تعداد 3 ہزار کے قریب تھی اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کو پارٹی کے انعقاد بارے معلوم تھا۔یہ پارٹی کبٹز ریم کے قریب ایسے علاقے میں ہو رہی تھی جو غزہ کی پٹی سے زیادہ دور نہیں ۔پارٹی میں شریک بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد ان کے کئی دوست اور رشتہ دار لاپتہ ہیں۔