اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں اور بار بار جاری کیے جانے والے انخلا کے احکامات کے باعث انسانی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔
جنوبی لبنان میں انسانی صورتحال مزید خراب، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشویش
اقوام متحدہ ۔10جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں اور بار بار جاری کیے جانے والے انخلا کے احکامات کے باعث انسانی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے کہا ہے کہ صور شہر، فلسطینی پناہ گزین کیمپوں اور جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں سے بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد اب بھی متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ادارے نے بتایا کہ اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے صور شہر، اس کے تمام محلوں اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کے لیے جاری کیے گئے حالیہ انخلا کے حکم سے تقریباً 44 ہزار افراد متاثر ہوں گے، جن میں سے بڑی تعداد پہلے ہی بے گھر ہو چکی ہے۔اوچا کے مطابق محدود متبادل انتظامات کے باعث زیادہ تر خاندانوں نے شہر چھوڑنے کے بجائے وہیں رہنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بعض افراد شمال کی جانب صیدا شہر اور جبل لبنان کے ضلع شوف منتقل ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ نے ایک بار پھر شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی محفوظ اور مسلسل رسائی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام پر زور دیا ہےاقوام متحدہ کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی اور حملوں کے باعث انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر رہا ہے، جس کے لیے فوری بین الاقوامی توجہ اور امدادی اقدامات کی ضرورت ہے۔








