بیروت۔12جنوری (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز دوسری بار جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ان ٹھکانوں پر حملے کیے جنہیں اس نے دہشت گرد انفراسٹرکچر قرار دیا ہے۔ اردو نیوز نے اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ فوج اس وقت جاری فوجی آپریشنز کے فریم ورک کے تحت جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں …
جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے

مزید خبریں
بیروت۔12جنوری (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز دوسری بار جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ان ٹھکانوں پر حملے کیے جنہیں اس نے دہشت گرد انفراسٹرکچر قرار دیا ہے۔ اردو نیوز نے اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ فوج اس وقت جاری فوجی آپریشنز کے فریم ورک کے تحت جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں کئی مقامات پر حملے کر رہی ہے ،تاہم انہوں نے اہداف کی نوعیت یا بمباری کے نتائج کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔انہوں نے ایک دوسری ٹویٹ میں کہا کہ فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں حزب اللہ کے ایک رکن کو نشانہ بنایا ہے۔ دریں اثنا العربیہ کی نامہ نگار نے فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک رکن کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔
قبل ازیں اسرائیل نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جن میں وادی برغز، محمودیہ کا علاقہ، سجد اور عیشیہ بستیوں کے درمیان جبل ریحان کی پہاڑیاں اور القطرانی بستی کا گرد و نواح شامل تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان اوچائے ادرعی نے ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کفر حتا بستی کے رہائشیوں کو فوری وارننگ بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج گاؤں میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے فوجی انفراسٹرکچر پر دوبارہ حملہ کرے گی اور اپنی ٹویٹ کے ساتھ منسلک نقشے کے ذریعے اس کے مقام کی نشاندہی کی۔ انہوں نے نقشے میں سرخ رنگ سے نشا زدہ کمپلیکس اور اس سے ملحقہ عمارتوں کے مکینوں پر زور دیا کہ وہ اسے فوری طور پر خالی کر دیں۔
یہ فضائی حملے اس وقت کیے گئے جب اسرائیل نے گزشتہ گھنٹوں کے دوران لبنان کے کئی علاقوں میں حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا جن میں ریحان بستی، جنوب میں کفر کلا اور کفر ملکی کے گاؤں شامل ہیں۔ مشرقی لبنان میں البقاع کے علاقے میں بریتال کے نواح میں 3 فضائی حملے کیے گئے۔یاد رہے کہ نومبر 2024 سے نافذ العمل جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل بالخصوص جنوبی لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور حزب اللہ پر اپنی فوجی صلاحیتوں کو بحال کرنے کا الزام لگاتا ہے۔
لبنانی فوج نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ جنوبی سرحد سے لے کر دریائے لیطانی تک پھیلے ہوئے علاقے سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا کام مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اسلحہ صرف ریاست کے ہاتھ میں رکھنے کے ایک سرکاری منصوبے کا حصہ ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے لبنانی حکومت اور فوج کی کوششوں کو حوصلہ افزا لیکن قطعی طور پر ناکافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے حزب اللہ پر دوبارہ مسلح ہونے اور اپنے انفراسٹرکچر کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کا الزام بھی لگایا۔








