جنوبی کوریا کے صدر نے اپنے وزیر پر خفیہ معلومات افشا کرنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا

جنوبی کوریا کے صدرلی جے میونگ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ شمالی کوریا سے متعلق ان کے وزیر نے امریکا کی فراہم کردہ خفیہ معلومات افشا کیں۔رائٹرز کے مطابق صدر نے اسے بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

سیئول ۔21اپریل (اے پی پی):جنوبی کوریا کے صدرلی جے میونگ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ شمالی کوریا سے متعلق ان کے وزیر نے امریکا کی فراہم کردہ خفیہ معلومات افشا کیں۔رائٹرز کے مطابق صدر نے اسے بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر برائے اتحاد چنگ ڈونگ یونگ پر الزام ہے کہ انہوں نے شمالی کوریا کے مبینہ یورینیم افزودگی کے پروگرام سے متعلق معلومات عوامی سطح پر بیان کیں، جس کے بعد امریکا نے کچھ انٹیلی جنس شیئرنگ محدود کر دی ہے۔تاہم صدر لی کا کہنا ہے کہ کوسونگ نامی جس مقام کا ذکر کیا جا رہا ہے اس بارے معلومات پہلے ہی عالمی سطح پر تحقیقاتی رپورٹس اور میڈیا میں موجود تھیں، اس لیے اسے خفیہ معلومات کا انکشاف قرار دینا غلط ہے۔

شمالی کوریا کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس نے حالیہ دنوں میں بیلسٹک میزائل تجربات کیے ہیں، جن پر جنوبی کوریا اور جاپان نے نظر رکھی۔دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے امریکاکے ساتھ انٹیلی جنس تعاون میں کسی بڑی تبدیلی کی تصدیق نہیں کی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے وزیر برائے اتحاد کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ امریکا کے ساتھ اتحاد اور دفاعی تعاون مضبوط ہے، جس کے تحت تقریباً 28,500 امریکی فوجی جنوبی کوریا میں تعینات ہیں۔