جولائی میں برآمدات میں 31 فیصد اضافہ معاشی بحالی اور برآمدات پر مبنی ترقی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، مشیر خزانہ خرم شہزاد
جولائی میں برآمدات میں 31 فیصد اضافہ معاشی بحالی اور برآمدات پر مبنی ترقی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، مشیر خزانہ خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر برائے خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ جولائی 2026 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 31 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو حالیہ برسوں کی مضبوط ترین ماہانہ کارکردگی میں شمار ہوتا ہے۔ ایکس پر انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھ کر 2.94 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ سالانہ بنیاد پر بھی 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو عالمی تجارتی چیلنجز کے باوجود پاکستان کے برآمدی شعبے کی مضبوطی اور لچک کا واضح ثبوت ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ درآمدات جون کے مقابلے میں تقریباً مستحکم رہیں اور صرف 0.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئیں جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ ماہانہ بنیاد پر 15 فیصد سے زائد کم ہوا۔ ان کے مطابق برآمدات میں یہ نمایاں اضافہ اور درآمدات کا استحکام پاکستان کے بیرونی شعبے میں مثبت پیشرفت کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت کی معاشی اصلاحات، مالیاتی استحکام اور کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ برآمدی شعبے کی بہتر کارکردگی نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت دے گی بلکہ صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا بھی باعث بنے گی۔
مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کا آغاز انتہائی حوصلہ افزا رہا ہے اور جولائی کے نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان بتدریج برآمدات پر مبنی، مسابقتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں برآمدات کے فروغ، کاروباری لاگت میں کمی، مسابقت بڑھانے اور نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کو جو ترجیح دی گئی تھی، جولائی کے ابتدائی اعداد و شمار اس پالیسی سمت کی حوصلہ افزا ء عکاسی کرتے ہیں۔ حکومت اقتصادی اصلاحات کا عمل جاری رکھتے ہوئے برآمدات میں مزید اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی نمو کے لئے پرعزم ہے۔







