حب ،ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت سوک سینٹر حب میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

حب ،ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت سوک سینٹر حب میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

حب۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت سوک سینٹر حب میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت اجلاس حالیہ تھریٹ الرٹ کے تناظر میں منعقد کیا گیا ،جس میں ڈی ایس پی حب، چیئرمین میونسپل کمیٹی حب اور سوک سینٹر میں قائم مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی اجلاس میں سوک سینٹر حب میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافے، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، پارکنگ کے نظام کو منظم بنانے اور جدید نگرانی کے نظام کی تنصیب سمیت مختلف سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نادرا، محکمہ ایکسائز، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC)، نیشنل بینک اور کے الیکٹرک سمیت تمام متعلقہ محکمے اپنے اپنے دفاتر کی سکیورٹی مزید بہتر بنائیں گے اور طے شدہ منصوبے کے مطابق سکیورٹی گارڈز فراہم کریں گے۔

میونسپل کمیٹی حب کی جانب سے پہلے سے فراہم کردہ 6 سکیورٹی گارڈز کے علاوہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز حب کم از کم 15 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے انتظامات کریں گے۔ خواتین سمیت آنے والے شہریوں اور دیگر افراد کی مؤثر چیکنگ کے لیے مرکزی داخلی دروازے پر لیڈی کانسٹیبل بھی تعینات کی جائے گی اجلاس میں سکیورٹی کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے سوک سینٹر میں چار آبزرویشن پوسٹس (نگرانی کی چوکیاں) قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ان میں ایک چوکی سوک سینٹر کی چھت پر، دو فٹبال گراؤنڈ کی جانب اور ایک مرکزی عمارت کے سامنے قائم کی جائے گی۔

ان مقامات پر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ اطراف کی مسلسل نگرانی ممکن ہو سکے مزید برآں، رات کے وقت سکیورٹی اور نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی حب کو سوک سینٹر کے چاروں اطراف طاقتور سرچ لائٹس نصب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عمارت کے اندر اور باہر، داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز اور دیگر حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز حب کے دفتر میں ایک مخصوص مانیٹرنگ سسٹم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا اجلاس میں پارکنگ کے نظام کو منظم کرنے کے لیے سرکاری افسران اور ملازمین کی گاڑیوں پر پارکنگ اسٹیکرز جاری کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ میونسپل کمیٹی حب اسٹیکرز تیار کرکے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے حوالے کرے گی۔

واضح کیا گیا کہ مجاز اتھارٹی کی اجازت اور درست پارکنگ اسٹیکر کے بغیر کسی نجی گاڑی کو سوک سینٹر کے اندر داخل ہونے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، سوک سینٹر میں گاڑیوں کے رش کو کم کرنے اور سکیورٹی خدشات پر قابو پانے کے لیے مشرقی جانب میونسپل کمیٹی کی ملکیتی کھلی اراضی پر مخصوص پارکنگ ایریا قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی حب زمین کو ہموار کرکے پارکنگ کی مناسب سہولیات فراہم کرے گی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز حب سوک سینٹر کے مجموعی سکیورٹی انچارج کے طور پر فرائض انجام دیں گے اور پولیس اہلکاروں، محکمانہ سکیورٹی گارڈز، آبزرویشن پوسٹس، داخلی و خارجی راستوں اور پارکنگ کے انتظامات کی نگرانی اور تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کاری کو یقینی بنائیں گے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سوک سینٹر کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے اور اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا سکیورٹی سے متعلق مسئلے کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی اجلاس کے اختتام پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز حب کو تمام فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے اور پیش رفت رپورٹ ڈپٹی کمشنر حب کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔