حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل جاری، ایک لاکھ عازمین تاحال سعودی عرب میں موجود

فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران 12 ہزار 157 عازمین مکہ مکرمہ سے اپنے وطن روانہ ہو چکے ہیں

مدینہ منورہ ۔3جون (اے پی پی):فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران 12 ہزار 157 عازمین مکہ مکرمہ سے اپنے وطن روانہ ہو چکے ہیں جبکہ حجاج کی ایک بڑی تعداد مدینہ منورہ میں حاضری کے لئے پہنچ رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک 5 ہزار 832 حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں پاکستان حج مشن نے ان کی میزبانی اور سہولت کاری کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ اس وقت مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد سرکاری حجاج کرام سعودی عرب میں موجود ہیں جن میں سے 71 ہزار سے زائد حجاج کرام حج کے بعد کے مراحل میں مدینہ منورہ کا رخ کریں گے۔مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین کا پہلا پڑاؤ روضہ رسول ﷺ پر حاضری ہے۔ حجاج کرام یہاں نہ صرف روضہ رسول ﷺ پر سلام پیش کر رہے ہیں بلکہ مسجد نبوی ﷺ میں ریاض الجنہ کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ شہرِ رسول ﷺ کے دیگر مقدس مقامات کی زیارت بھی کر رہے ہیں۔حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل انتہائی منظم انداز میں جاری ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ حجاج کرام کو وطن پہنچانے کا سلسلہ 30 جون تک بلا تعطل جاری رہے گا جس کے لئے تمام فلائٹ آپریشنز کو متحرک رکھا گیا ہے۔پاکستان حج مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ وطن جانے والے ہر حاجی کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔