حج 1447ھ: 8 لاکھ 60 ہزار عازمین کی آمد، ڈاکٹر فیصل غزاوی اور ڈاکٹر عبدالباری الثبیتی آئمہ جمعہ مقرر

سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے ضیوف الرحمن کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد عازمین فضائی راستوں کے ذریعے تشریف لائے ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد عازمین نے زمینی …

مکہ مکرمہ۔14مئی (اے پی پی):سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے ضیوف الرحمن کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد عازمین فضائی راستوں کے ذریعے تشریف لائے ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد عازمین نے زمینی راستوں کا انتخاب کیا ہے۔ حکام کی جانب سے عازمین کے سفر کو آسان بنانے کے لیے ’’مکہ روٹ انیشیٹو‘‘ کے تحت خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے اب تک 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد زائرین مستفید ہو چکے ہیں۔حرمین شریفین انتظامیہ اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جمعہ (28 ذوالقعدہ 1447ھ) کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی عظیم مساجد میں آئمہ و خطبا کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

مسجد الحرام میں فضیلۃ الشیخ پروفیسر ڈاکٹر فیصل بن جمیل غزاوی نماز جمعہ کی امامت اور خطبہ دیں گے جبکہ مسجد نبوی میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالباری بن عواد الثبیتی یہ فرائض سرانجام دیں گے۔سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا کہ وزارت اسلامی امور نے 100 سے زائد ممالک کے شہداء کے لواحقین اور ممتاز علماء سمیت 2,500 سے زائد خصوصی مہمانوں کی میزبانی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ دوسری جانب نقل و حمل کے شعبے میں حرمین ہائی سپیڈ ٹرین اپنی پوری آپریشنل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہے جس کی گنجائش 72,000 مسافر فی گھنٹہ تک بڑھا دی گئی ہے تاکہ مکہ اور مدینہ کے درمیان زائرین کی نقل و حرکت کو تیز تر اور آرام دہ بنایا جا سکے۔