حج 2026،حرم گائیڈز نے اب تک 10 ہزار عازمین کی رہنمائی کی، 24 گھنٹوں میں 1,345 حجاج کی معاونت

حج 2026،حرم گائیڈز نے اب تک 10 ہزار عازمین کی رہنمائی کی، 24 گھنٹوں میں 1,345 حجاج کی معاونت

مکہ مکرمہ۔9مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن کے حرم گائیڈز مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے یہ تربیت یافتہ اہلکار مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اطراف میں کڑی دھوپ اور سخت موسم کے باوجود راستہ بھول جانے والے بزرگ عازمین کو ان کے گروپس تک پہنچانے اور انہیں اردو اور علاقائی زبان میں فوری معلومات فراہم کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

پاکستان حج مشن کے مطابق مکہ مکرمہ میں اب تک مجموعی طور پر 10,238 عازمین حج کی براہ راست رہنمائی کی گئی ہے۔ مکہ کے پرہجوم مقامات اور ٹرانسپورٹ پوائنٹس پر مستعد عملے نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,345 عازمین کی ان کی منزلوں کی جانب راہنمائی کی۔

فیلڈ میں موجود حرم گائیڈز کا کہنا ہے کہ وہ حجاج کو مختلف گیٹس، طواف کے حصوں اور بس پوائنٹس کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہیں۔ ایک معاون خادم الحجاج نے بتایا کہ اگر کوئی حاجی مس ہو جائے یا اسے ممنوعہ اشیا اور بیگ جمع کروانے کے حوالے سے رہنمائی چاہیے ہو تو ہم موقع پر موجود ہوتے ہیں۔

ایک اور حرم گائیڈ نے انسانیت کے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خدمات صرف پاکستانیوں کے لیے نہیں، بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت کسی بھی ملک کا حاجی آئے ہم اسے اپنا بھائی سمجھ کر گائیڈ کرتے ہیں کیونکہ ہم سب مسلمان ہیں۔پاکستان حج مشن کے کوآرڈینیٹر (ایف اینڈ سی) ناصر عزیز خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہے، چاہے کوئی حاجی راستہ بھول جائے یا اسے حرم میں کسی بھی قسم کی انتظامی معلومات درکار ہوں، ہمارے گائیڈز ہر لمحہ ان کی خدمت کے لیے موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال گائیڈز کو خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ اجنبی ماحول میں عازمین کے لیے بہترین مددگار ثابت ہوں۔عازمین حج نے حکومت پاکستان کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اجنبی ماحول میں اپنی زبان میں بروقت رہنمائی ملنے سے ان کا مقدس سفر انتہائی سہل اور پرسکون ہو گیا ہے۔