حج 2026: پاکستانی عازمین حکومتی انتظامات سے مطمئن، سہولیات کو "بے مثال” قرار دے دیا

خرم شہزاد مکہ مکرمہ ۔1مئی (اے پی پی):حج 2026 کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود پاکستانی عازمین نے مکہ مکرمہ اور بالخصوص العزیزیہ میں فراہم کردہ سہولیات کو "بے مثال" قرار دیتے ہوئے حکومتی انتظامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں موجود عازمین کے تاثرات کے مطابق اس سال رہائش، طعام اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کی گئی اصلاحات نے پاکستانی …

خرم شہزاد

مکہ مکرمہ ۔1مئی (اے پی پی):حج 2026 کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود پاکستانی عازمین نے مکہ مکرمہ اور بالخصوص العزیزیہ میں فراہم کردہ سہولیات کو "بے مثال” قرار دیتے ہوئے حکومتی انتظامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں موجود عازمین کے تاثرات کے مطابق اس سال رہائش، طعام اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کی گئی اصلاحات نے پاکستانی حجاج کے لیے سہولیات کے نئے معیار قائم کر دیے ہیں۔عازمینِ حج نے قیام گاہوں پر فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔

حجاج کا کہنا ہے کہ مینو میں ان کی پسند اور روایتی ذائقوں کا مکمل خیال رکھا گیا ہے، جس میں آلو پالک، شلجم گوشت اور دیگر پاکستانی پکوان شامل ہیں۔ ہر کھانے کے ساتھ دہی (لسی)، تازہ پھل، منرل واٹر اور روٹی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس سے عازمین کو دیارِ غیر میں بھی گھر جیسا احساس میسر ہے۔اس سال حج مشن کی سب سے بڑی کامیابی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایپس کا مؤثر استعمال ہے۔

عازمینِ حج کے مطابق اسمارٹ ایپس کے ذریعے شکایات کے فوری اندراج اور معلومات کی فراہمی نے انتظامی امور کو نہ صرف شفاف بنایا ہے بلکہ حجاج کے قیمتی وقت کی بچت بھی کی ہے۔ ٹیکنالوجی سے نابلد حجاج کے لیے معاونین کی موجودگی نے اس عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے، جس کی بدولت انتظامیہ اور حجاج کے درمیان رابطہ مثالی رہا ہے۔العزیزیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے فرنشڈ اور صاف ستھرے کمروں کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے بھی مربوط انتظامات کیے گئے ہیں۔

عازمین نے بتایا کہ قیام گاہوں سے حرم شریف تک کی رسائی کو سہل بنایا گیا ہے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ مناسکِ حج کی ادائیگی اور عبادات پر مرکوز کر سکیں۔مکہ مکرمہ میں موجود پاکستانی حجاج نے مجموعی انتظامات پر حکومتِ پاکستان اور حج مشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک منظم اور کامیاب ترین آپریشن قرار دیا ہے۔