حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر معاشی امور حماد اظہر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر معاشی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جب حکومت سنبھالی تو معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، معیشت کو درست کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے تو ادارے خسارے میں چلے جاتے، حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کر رہی …

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر معاشی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جب حکومت سنبھالی تو معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی، معیشت کو درست کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے تو ادارے خسارے میں چلے جاتے، حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ہم ووٹ لیکر حکومت میں آئے ہیں، حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ معیشت کیلئے ضروری تھا، اگر قیمتیں نہ بڑھاتے تو ادارے خسارے میں چلے جاتے، وقت پر کئے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ تیزی سے کم ہو رہا ہے، معیشت اتنی خراب نہیں جتنی پیش کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر معاشی امور نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ٹماٹر، پیاز اور آٹے سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، 300 یونٹس استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندم کی سالانہ کھپت 2 کروڑ 70 لاکھ ٹن ہے، گزشتہ سیزن میں پی ٹی آئی نے زیرو سبسڈی پر 6 لاکھ ٹن گندم برآمد کی جبکہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں 48 لاکھ ٹن گندم برآمد کی تھی۔ حماد اظہر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے لئے ہوئے قرضوں کی ادائیگی کیلئے حکومت کو مزید قرضے لینا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نان ٹیکس ریونیو ٹارگٹ سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ پر غور نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔