حکومت ایس ایم ایز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے، ہارون اختر خان

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کلسٹرز کو درپیش مسائل پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق اس اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ای کلسٹرز سے متعلق اہم چیلنجز اور مجوزہ اقدامات پر مبنی …

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کلسٹرز کو درپیش مسائل پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔

ترجمان کے مطابق اس اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ای کلسٹرز سے متعلق اہم چیلنجز اور مجوزہ اقدامات پر مبنی پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ معاونِ خصوصی نے اعلان کیا کہ میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس 2026 کے عنوان سے ایک تاریخی قومی سطح کی ایس ایم ای کلسٹر نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں24 تا26 جنوری2026 منعقد کی جائے گی۔

یہ سمیڈا کے تحت منعقد ہونے والی پہلی قومی سطح کی ایس ایم ای کلسٹر نمائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا وژن ایس ایم ای کلسٹرز کو قومی معیشت کا ایک منظم، مسابقتی اور پائیدار ستون بنانا ہے۔ اس ایکسپو کا بنیادی مقصد ملک بھر کی مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے لیے مارکیٹ تک رسائی، ویلیو چین میں شمولیت اور برآمدی مواقع کو فروغ دینا ہے۔ معاونِ خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپو میں خواتین کی زیرِ قیادت کاروباروں اور مائیکرو انٹرپرائزز کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ ایس ایم ایز کو کارپوریٹ خریداروں، سرمایہ کاروں، برآمد کنندگان، پالیسی سازوں اور ترقیاتی شراکت داروں سے جوڑنے کے لیے ایک موثر اور متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ تین روزہ ایکسپو میں ایگرو فوڈ، ٹیکسٹائل، ہینڈی کرافٹس، سرجیکل آلات، لیدر، فرنیچر اور آئی سی ٹی سمیت مختلف اہم شعبہ جات شرکت کریں گے۔ مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ساتھ بزنس میچ میکنگ سیشنز، پالیسی ڈائیلاگ اور نیٹ ورکنگ کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ایس ایم ای شعبے میں جدت، معیار اور بہترین کارکردگی کے فروغ کے لیے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی نمایاں ایس ایم ایز کو ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مسلسل مشاورت، پالیسی اصلاحات اور ہدفی معاونتی اقدامات کے ذریعے ایس ایم ایز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ایس ایم ای شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی اور برآمدات پر مبنی ترقی میں مرکزی کردار ادا کر سکے۔

مزید خبریں