حکومت ایک سال میں 5بلین ڈالرکابرآمدی ہدف حاصل کرنےکےلئےآئی ٹی اورٹیلی کام سیکٹرکوسہولیات فراہم کرے گی،وزیراعظم کی زیرصدارت آئی ٹی ٹاسک فورس کااجلاس

حکومت ایک سال میں 5 بلین ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو سہولیات فراہم کرے گی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی ٹاسک فورس کا اجلاس

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ایک سال میں 5 بلین ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو سہولیات فراہم کرے گی، آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے جس کو کھولنے کی ضرورت ہے ، حکومت اسے ملک کا ایک مضبوط شعبہ بنانے کے لیے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے تمام سہولتیں اور پالیسی مدد فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لئے ایک بھرپور حکمت عملی وضع کرنے کے لئے آئی ٹی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کی توسیع اور ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو ایک سال کے اندر 5 بلین ڈالر کا ہدف حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت انڈسٹری لیڈرز کی مشاورت سے ایک جامع پیکج کے ذریعے اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے کہا کہ وہ واشنگٹن سے واپسی پر ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کریں اور پالیسی سفارشات مرتب کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبے آئی ٹی ٹریننگ اور انکیوبیشن سینٹرز، کال سینٹرز، ٹیلکوز، خودمختار ٹیکنالوجی پارکس (ایس ٹی پی)، سافٹ ویئر ہاؤسز اور فری لانسنگ کے کام کو مضبوط بنانے کے لئے جاری ہیں تاکہ اس امید افزا سروس سیکٹر کو تیزی سے ترقی دی جاسکے۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تقریباً 40 ہزار آئی ٹی پروفیشنلز کی افرادی قوت کے ساتھ پاکستان کا آئی ٹی اور ٹیلی کام کا شعبہ ترقی کررہا ہے۔

یہ 2.6 بلین ڈالر کی سالانہ آئی ٹی برآمدات کے ساتھ فری لانسرز کی چوتھی سب سے بڑی مارکیٹ اور ایمازون پر دنیا بھر میں تیسرا سب سے بڑا ری سیلر ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی موبائل فون مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کے ساتھ اس کے تقریباً 195 ملین موبائل فون صارفین ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس کی مکمل ترقی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستان کو دنیا میں آئی ٹی آؤٹ سورسنگ حب کے طور پر پیش کرنے کے لئے آئی ٹی کی برآمدات کے تمام ممکنہ مقامات خاص طور پر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے خطہ میں اس کے تشخص کو اجاگر کرنے اور بھرپور مارکیٹنگ مہم کی اشد ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے لئے اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کے ضوابط کو آسان بنانے کے لیے ایک جامع پیکج بھی وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ اور ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔ اجلاس میں وزیر آئی ٹی سید امین الحق، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ، آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے نمائندوں اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔