اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کاوشیں کر رہی ہے، خصوصی افراد کی بحالی اور ان کی معاشی خودمختاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت احساس پروگرام کے تحت 20 لاکھ خصوصی افراد کو مالی امداد فراہم کرے گی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو کاروبار کیلئے قرض فراہم کئے …
حکومت معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کاوشیں کر رہی ہے، ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی افراد میں خصوصی وہیل چئیرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کاوشیں کر رہی ہے، خصوصی افراد کی بحالی اور ان کی معاشی خودمختاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت احساس پروگرام کے تحت 20 لاکھ خصوصی افراد کو مالی امداد فراہم کرے گی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو کاروبار کیلئے قرض فراہم کئے جارہے ہیں، حکومت چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے خصوصی افراد کو قرض فراہم کر رہی ہے مگر آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ان قرضوں سے خصوصی افراد کی بڑی تعداد مستفید نہیں ہو رہی ، میڈیا خصوصی افراد کی فلاح کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی پیدا کرے اور معاشرے میں خصوصی افراد کے بارے میں پائے جانے والے تعصبات کا تدارک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا انہوں نے منگل کو ایوانِ صدر میں خصوصی افراد میں خصوصی وہیل چئیرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں 100 خصوصی افراد میں انفرادی ضرورت کے مطابق تیار کی گئی خصوصی وہیل چئیرز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا انعقاد آذربائیجان کی حیدر علی فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا گیا۔ تقریب میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ ، خصوصی افراد، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور بحالی ہم سب کی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری اور حکومت خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت، بصارت اور جسمانی طور پر معذور افراد کو عام سکولوں میں تعلیم دینے سے معاشرے میں ان کی قبولیت بڑھے گی، خصوصی بچوں اور عام بچوں کو ایک دوسرے کی محرومی اور مشکلات جاننے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت دینے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت سے ان کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی، حکومت خصوصی افراد کی نقل و حرکت بڑھانے اور عمارات کو ان کیلئے قابلِ رسائی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے250 پارکس اور فٹ پاتھ کو خصوصی افراد کیلئے قابلِ استعمال بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،یہ اقدامات مارچ 2021 تک مکمل ہو جائیں گے، نئی عمارات کے نقشوں کی منظوری کیلئے خصوصی افراد کو رسائی دینا لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کے بارے میں احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے جذبات مجروح نہ ہوں، خصوصی افراد کی ملازمت ان کا حق ہے اور ان کی بحالی کے اقدامات کارِ خیر کے طور پر نہیں بلکہ احساسِ ذمہ داری کے تحت کرنا ہوں گے، سرکاری اداروں میں خصوص افراد کیلئے مخصوص کوٹہ مختص ہے، اسی طرح کاروباری اور نجی اداروں میں مخصوص افراد کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی سے رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعے کورونا وبا کے دوران محروم طبقات کو مدد فراہم کی، لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر خیرات کی جس سے کورونا وبا کے باوجود معیشت کو گرنے نہیں دیا گیا، کورونا وبا کے پہلے مرحلہ میں ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں، نماز تراویح ادا کی گئی اور اللہ کی رحمت سے ہم اس مرحلہ میں کورونا پر قابو پانے میں کامیاب رہے تاہم اس وقت ملک میں کورونا وبا کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ہمیں ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان میں برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ تاریخ ، ثقافت اور روایات کے امین ہیں۔ صدر نے آذربائیجان کو نگورنو کارباخ آزاد کرانے پر بھی مبارکباد دی۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تعلیم سمیت مختلف شعبوںمیں تعاون فراہم کر رہا ہےاور ان کا مشترکہ تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے، خصوصی افراد کی بحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے خصوصی افرادکی بحالی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور بیگم ثمینہ عارف علوی نے حیدر علی فائونڈیشن کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے لگائی گئی دستکاریوں کی نمائش کا بھی دورہ کیا۔صدر مملکت اس موقع پر خصوصی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے فردا ً فرداً بات چیت کی۔








