حکومت ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے برآمدی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے، وفاقی سیکرٹری ظفر حسین

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے برآمدی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں جرمنی کے ایک کاروباری وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پاکستان کے لئے ڈپٹی سفیر جینز جوکیش …

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے برآمدی پالیسیوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں جرمنی کے ایک کاروباری وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پاکستان کے لئے ڈپٹی سفیر جینز جوکیش کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پلاننگ کمیشن کے ممبران اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ موجودہ حکومت موثر اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے ملکی معیشت کو درپیش مسائل اور آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار میں ٹیکس کی شرح میں اضافہ کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند سالوں سے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں مسلسل بہتری رہی ہے اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش مقام بن رہا ہے۔ وفاقی سیکرٹری نے واضح کیا کہ یہاں کچھ اہم شعبے ہیں جن میں جرمنی کی کمپنیاں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تجارت میں اضافہ کے لئے پرعزم ہے۔ ہم امداد کی بجائے تجارت کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچرز کے آغاز پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں توسیع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت ایس ای زیڈ اور ای پی زیڈ کسی دوسرے ملک کی شرکت سے منع نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جرمنی کی کمپنیاں سی پیک کے تحت ایس ای زیڈ اور ای پی زیڈ میں سرمایہ کاری کریں۔ وفد نے دونوں ممالک کے مابین مستقبل میں اقتصادی تعاون کے امکانات میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں