حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ”کامیاب جوان پروگرام” پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت " کامیاب جوان پروگرام" پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کے نوجوان طبقہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور انہیں خود مختار کرنے کے لئے کامیاب …

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ” کامیاب جوان پروگرام” پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کے نوجوان طبقہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور انہیں خود مختار کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوجوان طبقہ ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور موجودہ حکومت ان کو معاشی طورپر خود مختار بنانے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ نوجوان طبقہ قوم کا حقیقی اثاثہ ہے جو ملک کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کے لئے مخلصانہ کوششیں کررہی ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام موجودہ حکومت کا ایک مستحسن اقدام ہے جس میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ہمارے نوجوان بڑے باصلاحیت ہیں اور وہ اس قابل ہیں کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ اور پیشہ وارانہ تربیت کے مواقع بڑھانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 68 فیصد آبادی کی عمریں 30 سال سے کم ہیں اور اگر ان کی درست رہنمائی کی جائے تو وہ ملک کی قسمت بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوان طبقہ کو خود مختار بنانے کے لئے 100 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے نوجوانوں پروگرام کے تحت آسان قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے ملک میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے گا۔