حکومت نے بے روزگار نوجوانوں اور ہنر مند مزدوروں کی مالی مدد کیلئے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے،باصلاحیت نوجوان تمام شعبوں کے چیلنجوں سے بھر پور انداز میں نمٹ سکتے ہیں،وزیراعظم عمران خان کا کامیاب نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

پشاور۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بے انتہا صلاحیتوں کے مالک ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں کے چیلنجوں سے بھر پور انداز میں نمٹ سکتے ہیں، ان کی حکومت چھوٹے اور درمیانے انٹر پرائیزز(ایس ایم ایز)کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو سکے۔بدھ کے روز پشاور میں خیبرپختونخوا کے …

پشاور۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بے انتہا صلاحیتوں کے مالک ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں کے چیلنجوں سے بھر پور انداز میں نمٹ سکتے ہیں، ان کی حکومت چھوٹے اور درمیانے انٹر پرائیزز(ایس ایم ایز)کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو سکے۔بدھ کے روز پشاور میں خیبرپختونخوا کے کامیاب نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے بے روزگار نوجوانوں اور ہنر مند مزدوروں کی مالی مدد کیلئے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے تاکہ انہیں قومی دھارے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی تجارتی آئیڈیا کے نفاذ کیلئے مالی اعانت اور تکنیکی مدد کی ضرورت ہے ،کامیاب جوان پروگرام نے نوجوانوں کو اپنے کاروباری نظریات کو عملی شکل دینے کیلئے ایک جامع پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت اورروزگار کے مواقع پیدا کر نے میں اہم کردار ہے،اس پروگرام کے تحت چھوٹے اور درمیانے کاروبارکے شعبوں میںترقی کو فروغ ملے گا اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اپنے کاروبار کے قیام کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط و ضوابط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں کا کردار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے ہے اور اسلئے بینکاری کے شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی میں بینک آف پنجاب کی تعریف کرتے ہو ئے اس امید کا اظہار کیا کہ مزید تجارتی بینک بھی اس اہم پروگرام کے تحت چھوٹے اور درمیانے انٹر پرائیززکی مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نیا ہاسنگ پروگرام کے تحت خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں سستی ہائوسنگ منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جس کے تحت غریب عوام کو آسان شرائط پرقرضہ مہیا کرکے انہیں اپنے گھروں کا مالک بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے بڑے پیمانے پر آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے،خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں بشمول ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن ایڈونچر اسپورٹس اور پہاڑوں کی سیاحت کیلئے زیادہ موزوں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسکیئنگ موسم سرما کا ایک اہم کھیل ہے جس کے ذریعے قومی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ، سوات میں مالم جبہ اور کالام سمیت پاکستان کے بالائی علاقے اسکیئنگ کیلئے انتہائی سازگار ہیں۔ انہوں نے سوئٹزرلینڈ کی مثال دی جو ہر سال صرف اسکیئنگ کھیلوں اور ریسورٹس کے ذریعہ کئی ملین ڈالر کماتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں میں اسکیئنگ کھیلوں کے لئے بہت سے موزوں مقامات ہیں جنہیں بروئے کار لا کر کافی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ نوجوانوں نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت مویشیوں کے کاروبار کے لئے قرضے حاصل کیے ہیںاگریہ شعبہ سائنسی طریقے سے چلایا جائے تو اسمیں آمدنی بڑھانے اور ملازمتیں پیدا کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوان خیبر پختونخوا میں مویشیوں کے فارم بنا کر اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں میں آئی ٹی اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایس ایم ایز کو اضافی آمدنی حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں قبائلیوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، بیروزگاری اور کم ترقی کی وجہ سے جنوبی وزیرستان کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت قبائلی نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے آسان شرائط و ضوابط پر قرض فراہم کرے گی۔وزیر اعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کامیاب جوان پروگرام سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور ملک کی ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان،وزیر اعلی محمود خان، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار ، صوبائی وزرا ، مشیران اور دیگر سرکاری عہدیداران کے علاوہ صوبہ بھر کے نوجوانوں بھی موجو د تھے۔