وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت وکلاء برادری کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
حکومت وکلاء برادری کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت وکلاء برادری کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔جمعرات کو ملتان اور پنڈی بھٹیاں بار ایسوسی ایشنز کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارز کے لئے ای لائبریری کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے وکلاء کو جدید قانونی مواد تک فوری اور آسان رسائی حاصل ہو سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی منظوری کے لئے سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ یہ سہولت ہائی کورٹ سے لے کر ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح تک فراہم کی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملتان بار کے وکلاء کو نادرا رجسٹریشن سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری رابطہ کیا جائے گا تاکہ وکلاء کو بلا تعطل سہولیات میسر آ سکیں۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بار ایسوسی ایشنز کے ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی کیونکہ مضبوط اور بااختیار وکلاء برادری انصاف کے نظام کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔








