حکومت پنجاب خسرہ اور روبیلاکے تدارک کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے،15سے27نومبرتک مہم چلائی جائے گی ، وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد

87

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدسے جمعرات کے روزسول سیکرٹریٹ کے دربارہال میں انٹرنیشنل مشن کے وفدنے ملاقات کی اور صوبے میں انسداد خسرہ اور روبیلامہم بارے تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ نے ملاقات میں پنجاب میں خسرہ اور روبیلا کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔انٹرنیشنل مشن کے وفدنے پنجاب میں کورونا،ڈینگی،خسرہ اور روبیلاکے تدارک کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ حکومت پنجاب صوبے میں خسرہ اور روبیلاکے تدارک کیلئے موثراقدامات اٹھارہی ہے،15سے27نومبرتک صوبے بھرمیں خسرہ اور روبیلاکے خلاف بھرپورمہم چلائی جائے گی ،

یہ مہم پنجاب کے تمام 36اضلاع میں چلائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ 15سے27نومبرتک 9ماہ سے 15سال عمرکے بچوں کو خسرہ اور روبیلاسے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی،15سے27نومبرتک ساڑھے چارکروڑبچوں کوویکسین لگانے کا ہدف حاصل کریں گے،مہم کے دوران 1لاکھ 44ہزارسے زائدعملہ فرائض سرانجام دے گا،خسرہ اور روبیلاکے خلاف مہم 36اضلاع کی3540یونین کونسلزمیں چلائی جارہی ہے۔

وزیر صحت نے کہاکہ تمام سٹیک ہولڈرزکا اکھٹے بیٹھنا خسرہ اور روبیلاکے خلاف مہم کی کامیابی کی دلیل ہے،حکومت پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر قسم کے وسائل فراہم کرے گی،پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سوفیصدبچوں کو خسرہ اور روبیلاسے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی،خسرہ اور روبیلابارے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے موثر تشہیری مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ذرائع ابلاغ سے بھرپوراستفادہ کیاجائے گا،جنوبی پنجاب میں مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں گے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے اساتذہ کا اہم کردارہے،پنجاب میں کورونااور ڈینگی کے خلاف بھی جنگ جاری ہے،تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزخسرہ اور روبیلاکے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپناکرداراداکریں گے، صوبے بھرمیں تقریباساڑھے 5کروڑافرادکو کوروناویکسین لگاچکے ہیں۔انٹرنیشنل مشن وفد نے کہاکہ پنجاب میں خسرہ اور روبیلاکے خلاف مہم میں حکومت پنجاب سے مکمل تعاون کریں گے۔

وفدمیں یونیسف ہیڈکوارٹرزسے ڈاکٹرکرسٹوفر،ایڈوائزر عالمی ادارہ صحت ہیڈکوارٹرزڈاکٹرنتاشہ سارہ،گاوی سے ڈاکٹرسٹیفن سوسلراورڈاکٹرماریوجیمنیز،یونیسف سے سلمان ملک،نیشنل مینیجر ای پی آئی ڈاکٹراکرم شاہ،نیشنل ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹرظریف خان،ہیلتھ سپیشلسٹ یونیسف ڈاکٹرطاہرمنضور،ہیلتھ سپیشلسٹ یونیسف ڈاکٹرخواجہ آفتاب،پروونشل ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹرنعیم مجید،عالمی ادارہ صحت پنجاب کے انچارج ڈاکٹرجمشید احمد،ٹیم لیڈ عالمی ادارہ صحت پنجاب ڈاکٹرعابدی ناصراورعالمی ادارہ صحت اسلام آبادسے راشدہ بانوشامل تھیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر اور ڈائریکٹر ای پی آئی پروگرام ڈاکٹرمختاراحمدبھی موجودتھے۔