حکومت10 مغوی پاکستانیوں کی صومالی قزاقوں سے بازیابی کیلئے اپناکرداراداکررہی ہے، وفاقی وزیرقانون کاقومی اسمبلی میں جواب

وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیرتارڑ نے کہاہے کہ حکومت صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 10پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے اپناکرداراداکررہی ہے۔جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں عبدالقادرپٹیل کے نکتہ اعتراض پرانہوں نے ایوان کوبتایا کہ مغویوں کے خاندانوں کواکیلے نہیں چھوڑاجائے گا۔

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیرتارڑ نے کہاہے کہ حکومت صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 10پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے اپناکرداراداکررہی ہے۔جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں عبدالقادرپٹیل کے نکتہ اعتراض پرانہوں نے ایوان کوبتایا کہ مغویوں کے خاندانوں کواکیلے نہیں چھوڑاجائے گا۔ اس سے پہلے کمبوڈیا میں پاکستانیوں کی رہائی وبازیابی کیلئے حکومت پاکستان نے اپنا کردار احسن طریقہ سے اداکیاتھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اس معاملہ میں بھی اپنا کرداراداکررہی ہے اور دفترخارجہ کا صومالیہ کی حکومت سے رابطہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ صومالیہ کے قزاق تاوان کامطالبہ کرتے ہیں جس کی حکومت حوصلہ شکنی کرتی ہے ۔کوشش کررہے ہیں کہ معاملہ احسن طریقے سے حل ہو ۔قبل ازیں عبدالقادرپٹیل نے نکتہ اعتراض پربتایا کہ 10پاکستانیوں کو صومالیہ میں قزاقوں نے اغوا کرلیا ہے اوروہ ایک ماہ سے یرغمال ہیں۔ قزاقوں نے انڈونیشیا کے بعض شہریوں کوبھی اغواکرلیا ہے۔ انڈونیشیا کی حکومت قزاقوں کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قزاق خودکہہ رہے ہیں کہ ہم پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 10میں سے چھ مغویوں کاتعلق کراچی سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغویوں کی فیملیز تکلیف میں ہے۔