خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی بحرین کے فرمانروا کی اہلیہ اور سپریم کونسل فار ویمن کی صدر شہزادی سبیکہ بنت ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات

منامہ ۔15جنوری (اے پی پی):خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بحرین کے فرمانروا کی اہلیہ اور سپریم کونسل فار ویمن کی صدر شہزادی سبیکہ بنت ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات کی۔خواتین کو بااختیار بنانے، جامع ترقی کے فروغ اور معاشرے میں خواتین کی ترقی کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان …

منامہ ۔15جنوری (اے پی پی):خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بحرین کے فرمانروا کی اہلیہ اور سپریم کونسل فار ویمن کی صدر شہزادی سبیکہ بنت ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات کی۔خواتین کو بااختیار بنانے، جامع ترقی کے فروغ اور معاشرے میں خواتین کی ترقی کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق خاتون اول نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پالیسی پر مبنی اقدامات اور سپریم کونسل فار ویمن کی ادارہ جاتی قیادت کے تحت بحرین کے قائدانہ کردار اور مسلسل کامیابیوں کو سراہا انہوں نے شہزادی سبیکہ بنت ابراہیم آل خلیفہ کی دہائیوں پر محیط مثالی خدمات، ثابت قدم وابستگی اور لگن پر گہرے احترام اور تحسین کا اظہار کیا، جو نہ صرف بحرین کے عوام اور بحرینی خواتین کی ترقی کے لیے ہیں بلکہ عالمی سطح پر خواتین کے ایک بامعنی کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہزادی سبیکہ اپنی بصیرت افروز قیادت اور دیرپا عوامی خدمات کے ذریعے دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک متاثر کن مثال بنی ہوئی ہیں۔خاتونِ اول نے خواتین کو بااختیار بنانے اور خاندان و کمیونٹی کی معاونت کے ڈھانچوں کو مضبوط بنانے کیلئے جاری اور آئندہ اقدامات کی تفصیلات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے 2022 کے غیر معمولی سیلاب کے بعد سندھ میں شروع کیے گئے خواتین مرکز بحالی منصوبے کا حوالہ دیا، جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موثر قیادت اور وژن کے تحت مکمل کیا گیا، جس کے ذریعے 21 لاکھ موسمیاتی لحاظ سے محفوظ مکانات تعمیر کیے گئے، جو عالمی سطح پر ایک نمایاں کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان گھروں کی ملکیتی دستاویزات گھریلو خواتین کے نام منتقل کی گئیں جس سے خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ خاندان کی معاشی اور سماجی تحفظ میں اضافہ ہوا۔دونوں رہنمائوں نے جامع ترقی کے فروغ اور خاندانوں اور بچوں کے لیے فائدہ مند پروگراموں کے اجرا کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور کمیونٹی کی مضبوطی، تعلیم اور سماجی بہبود کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر سپریم کونسل فار ویمن کی نائب صدر اور جامعہ بحرین کی سابق صدر، ڈاکٹر شیخہ مریم بنت حسن آل خلیفہ، انجاز بحرین کی چیئرپرسن شیخہ حِسہ بنت خلیفہ آل خلیفہ، رائل لائف سیونگ بحرین کی چیئرپرسن شیخہ نیلہ بنت حمد آل خلیفہ، اور وزیرِ ہاؤسنگ امنہ بنت احمد الرمیحی نے بھی شرکت کی۔