اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) خاتون اول ثمینہ علوی نے فن کو معاشرے کے اصولوں اور اقدار کا حقیقی اظہار قرار دیتے ہوئے فنکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کے ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے جمیل نقاش میوزیم میں منعقدہ اسلام آباد آرٹ فیسٹیول 2019ءمیں غیر ملکی فنکاروں …
خاتون اول ثمینہ علوی کی اسلام آباد آرٹ فیسٹیول 2019ءمیں غیر ملکی فنکاروں کے ساتھ گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) خاتون اول ثمینہ علوی نے فن کو معاشرے کے اصولوں اور اقدار کا حقیقی اظہار قرار دیتے ہوئے فنکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کے ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے جمیل نقاش میوزیم میں منعقدہ اسلام آباد آرٹ فیسٹیول 2019ءمیں غیر ملکی فنکاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان احساسات، برداشت، دانشمندی اور بھائی چارے کے ساتھ ساتھ ایک متنوع ثقافتی ورثہ سے مالا مال سرزمین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موہنجوداڑو اور ہڑپہ جیسی قدیم تہذیبوں سے منسلک پاکستان کے رسم و رواج کی ایک تاریخ ہے۔ خاتون اول نے آرٹ فیسٹیول کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے مقامی اور غیر ملکی فنکاروں کی کہکشاﺅں کو یکجا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی فنکاروں کا پاکستان میں قیام اچھا رہا ہو گا اور اچھی یادوں کے ساتھ اپنے اپنے ممالک لوٹ کر جائیں گے جو انہیں بار بار اپنی جانب راغب کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت کو عالمی سطح پر مشترکہ خطرات کا سامنا ہے لہٰذا فنکاروں کو ثقافتی ورثہ اور روایات کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اسلام آباد آرٹ فیسٹیول 2019ءکو زبردست کامیابی ملی ہے اور اس موقع پر مقامی فنکاروں کو بیرون ملک سے آئے اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان کی مہارتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرنے کےلئے اس پروگرام کو باقاعدہ سالانہ بنیادوں پر منعقد کیا جائے گا جس سے ملک کا حقیقی تشخص اجاگر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی ورثہ کو دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے ایسی تقریبات کا متواتر انعقاد ضروری ہے۔ خاتون اول نے برطانوی نژاد پاکستانی اور دنیا کی پہلی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے تمام آنے والے غیر ملکی فنکاروں کو ایوان صدر کے دورہ کی بھی دعوت دی۔ بیگم ثمینہ علوی نے مختلف گیلریوں کا بھی دورہ کیا اور قومی اور بین الاقوامی فنکاروں کے آویزاں کئے گئے فن پاروں کی تعریف کی۔ قبل ازیں اسلام آباد آرٹ فیسٹول کے صدر سیّد جمال شاہ، سائرہ پیٹر، سپائیک میکلیرٹی (برطانیہ)، فوٹو گرافر پیٹر بیوسائن (امریکہ) اور چینی فنکاروں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔








