اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا،پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل …
خطے کی موجودہ صورتحال تشویشناک،مسلم ممالک کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے،ارکان قومی اسمبلی کا اظہارخیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا،پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایجنڈے پر مشتمل کچھ بلز کے علاوہ معمول کا ایجنڈا معطل کرکے خطے کی موجودہ صورتحال پر بحث کرانے کی تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دی۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن رکن انیقہ مہدی نے کہا کہ سچ کے لئے ڈٹ جانا ہی دین کا درس ہے،خودداری قیمت مانگتی ہے،آیت اللہ خامنہ ای نے جان دے دی لیکن باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا،پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم اپنی بہادر افواج کی روزانہ تصاویر اور شہادتوں کی پے درپے خبریں دیکھتے ہیں تو دل پھٹنے کو آتا ہے،اللہ کریم پاک فوج اور ہمارے محافظین کو منافقوں سے بچائے اور غیروں کی سازشوں سے وطن عزیز کو محفوظ بنائے اور اس عفریت کا مقابلہ کرنے کی توفیق دے۔
امت مسلمہ کے سب سے عظیم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے 86 سال کی عمر میں شہادت کا جام نوش کیا،اس وقت امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا،امت مسلمہ پر برپا مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔سفارتی محاذ پر اس قتل عام کو روکے جانے کے لئے آواز اٹھانی چاہیے،ہمیں ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک عظیم مسلمان کی شہادت پر امت مسلمہ خاموش ہے،جو دکھ دہ ہے،بے حسی کی کوئی معافی نہیں ہے،ہم سب سے پہلے پاکستان کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کو ہم نے پناہ دی وہی نمک حرام نکلے۔ ایم کیو ایم کی رکن سبین غوری نے کہا کہ پاکستان کی طرف جو میلی آنکھ سے دیکھے گا وہ آنکھ پھوڑ دیں گے۔افغان طالبان کو پاکستان منہ توڑ جواب دے رہا ہے۔طالبان ایسے وقت میں جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے تب وہ اسرائیل اور بھارت سے مدد طلب کررہے ہیں،پاکستان کی جوہری قوت نے اس کو دشمنوں سے بچاکر رکھا ہے،پاکستان افغانستان،بھارت اور اسرائیل کو یہ واضح پیغام دے رہا ہے کہ ہماری طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھنا،ہم وہ آنکھ پھوڑ دیں گے۔
سحر کامران نے کہا کہ وہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرتعزیت کا اظہار کرتی ہیں،وہ اسلام کے علمبردار تھے،انہوں نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی زندگی وقف کی۔انہوں نے کہا کہ صیہونی سازش نے خطے کا امن تباہ وبرباد کردیا ہے۔اسرائیل نے پوری امت مسلمہ کو شدت جنگ سے دوچار کردیا ہے۔خلیجی ممالک میں بھی جنگ جاری ہے وہاں بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن موجود ہیں،صدرمملکت آصف علی زرداری ان حالات میں بہتر سفارتکاری کرسکتے ہیں۔پاکستان امن چاہتا ہے،ہم نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی ہے،مسلمان متحد نہ ہوئے تو اپنی باری کا انتظار کریں ۔
سیدہ شہلا رضانے کہاکہ ملک کی صورتحال نازک ہے، دوسرحدوں پرکشیدگی ہے، دشمن عوام میں تفریق پیداکرنے کی کوشش کررہاہے، بلوچستان اورخیبرپختونخوا کی صورتحال اس بات کاتقاضا کرتی ہے کہ ہمیں متفق ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے ثابت ہواہے کہ نظریات سداقائم رہتے ہیں، انہوں نے شہادت دی مگرغلامی تسلیم نہیں کی، ایران کے عوام نے بتادیا ہے کہ وہ طاقتوں سے نہیں ڈرتے۔انہوں نے کہاکہ ایران کے عوام کے ساتھ نظریہ اوراستقامت ہے اوریہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
میرغلام علی تالپورنے کہاکہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ایک سانحہ ہے،نوآبادیاتی دورکے خاتمہ کے بعد ایک بھی مسلمان ملک کوابھرنے نہیں دیاجارہا، پہلے فرانس اورجرمنی یہی کرداراداکرتے تھے، اب امریکا نے یہ کرداراداکرنا شروع کردیا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان سے لیکرترکیہ تک اسلامی ممالک کے خلاف کاروائی ہورہی ہے۔پاکستان اورترکیہ کاتحفظ اب بہت ضروری ہوگیاہے۔








