خلیجی ممالک ہم پر اعتماد کر رہے ہیں،پاکستان کا کردار خطے میں اہمیت اختیار کر چکا ہے، طاہر محمود اشرفی

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں،امید ہے کہ یہ کاوشیں کامیاب ہوں گی،سعودی عرب،قطر سمیت خلیجی ممالک پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں،پاکستان کا کردار خطے میں اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں،امید ہے کہ یہ کاوشیں کامیاب ہوں گی،سعودی عرب،قطر سمیت خلیجی ممالک پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں،پاکستان کا کردار خطے میں اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مسجد بحریہ ٹاون میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حالیہ جنگ بندی مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد سے ہی فلسطین کی آزادی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں بلند ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض قوتوں کے منصوبے ناکام ہو چکے ہیں جو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے تھے۔خطاب کے دوران انہوں نے عازمین حج کو ہدایت کی کہ وہ دوران حج سعودی حکومت اور وزارت حج کی جانب سے جاری کردہ قوانین اور ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حج کے دوران موبائل فون کے غیر ضروری استعمال اور سیلفیاں بنانے سے گریز کیا جائے اور عبادت پر توجہ دی جائے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عازمین حج پاکستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کریں کیونکہ حج صبر،استقامت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔