خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں اہم کامیابی ہیں، نوابزادہ جمال رئیسانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے خیبرپختونخوا کے اضلاع کوہاٹ اور ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے

کوئٹہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے خیبرپختونخوا کے اضلاع کوہاٹ اور ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کوہاٹ اور ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی اہم کامیابی ہے، جبکہ خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کی تباہی بڑی پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ قدر ہے۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا تسلسل ضروری ہے، امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے سے جاری رہنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ احترام ہیں۔