شہید بینظیرآباد میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

شہید بینظیرآباد میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

حیدرآباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):شہید بینظیرآباد ضلع میں چار روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جو 21 سے 24 ستمبر 2026ء تک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سنٹر نوابشاہ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جہاں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور نے ربن کاٹ کر اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں کمشنر غلام قادر خان تالپور نے تعلقہ ہسپتال سکرنڈ، تعلقہ ہسپتال قاضی احمد اور رورل ہیلتھ سنٹر دوڑ سمیت مختلف پولیو ٹرانزٹ و فکس پوائنٹس کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر کمشنر غلام قادر خان تالپور نے پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تعیناتی اور بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔

کمشنر نے پولیو فکس و ٹرانزٹ پوائنٹس کے دورے کے موقع پر کہا کہ پولیو ایک خطرناک مگر قابلِ انسداد بیماری ہے، جس کے مکمل خاتمے کے لیے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ کمشنر غلام قادر خان تالپور نے نواب شاہ، سکرنڈ، دوڑ اور قاضی احمد کے مختلف پولیو ٹرانزٹ پوائنٹس کے دورے کے موقع پر وہاں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کو ویکسین پلانے کے عمل اور ریکارڈ کا جائزہ لیا جبکہ بچوں کی فنگر مارکنگ بھی چیک کی۔

انہوں نے ٹیموں کے ارکان سے ملاقات کرکے ان کی موجودگی اور فرائض کی انجام دہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر آنے اور جانے والے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران فیلڈ میں رہیں اور پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کو فیلڈ کے دوران درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں تاکہ مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو، ڈویژنل پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر جھانگیر کورائی، اسسٹنٹ کمشنر۔سکرنڈ رمیز راجہ، اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد سعود بن منام، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔