خیبرپختونخوا کے اہم سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے 10 کروڑ ڈالر کا منصوبہ

خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اہم سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی استعداد مضبوط کرنے کے مقصد سے عالمی بینک کے تعاون سے 10 کروڑ ڈالر کے منصوبے پر عمل درآمد کر رہی ہے

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اہم سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی استعداد مضبوط کرنے کے مقصد سے عالمی بینک کے تعاون سے 10 کروڑ ڈالر کے منصوبے پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (کائٹ) کو عالمی بینک کے ترقیاتی مالیاتی ادارے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کی مالی معاونت حاصل ہے۔ منصوبے پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کا پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور محکمہ سیاحت کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس عمل درآمد کر رہے ہیں۔منصوبے کا بنیادی مقصد خیبرپختونخوا میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، اہم سیاحتی مقامات تک رسائی میں اضافہ اور پائیدار سیاحت کی ترقی کے لیے متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو مضبوط بنانا ہے۔منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 7 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت مختص کی گئی تھی، جو 14 ارب روپے کے مساوی تھی۔ بعد ازاں مالی معاونت میں اضافہ کرکے اسے 10 کروڑ ڈالر، یعنی 24 ارب 30 کروڑ 40 لاکھ روپے کر دیا گیا۔اس نظرثانی شدہ رقم کے علاوہ خیبرپختونخوا حکومت نے منصوبے کے تحت زمین کے حصول کے لیے 3 ارب روپے فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 14 مئی 2025 کو دی تھی، جبکہ منصوبہ 30 اپریل 2027 تک مکمل کیا جانا ہے۔نظرثانی کے نتیجے میں منصوبے کی آئی ڈی اے فنانسنگ میں ابتدائی 7 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 3 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا اور مجموعی مالی معاونت 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔عالمی بینک کی اس مالی معاونت اور خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے زمین کے حصول کے لیے مختص 3 ارب روپے کے ذریعے صوبے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور اہم سیاحتی مقامات تک رسائی کو بہتر بنانے کے ساتھ پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔