خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف حصوں میں بارشیں، موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری جاری

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارش کے پیشِ نظر مسافروں کے لیے جامع ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پیر 30 مارچ 2026 کو موٹروے ایم ون (M-1)پر پشاور سے اسلام آباد اور ایم ٹو (M-2) پر اسلام آباد سے بلکسر تک کے حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس …

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارش کے پیشِ نظر مسافروں کے لیے جامع ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پیر 30 مارچ 2026 کو موٹروے ایم ون (M-1)پر پشاور سے اسلام آباد اور ایم ٹو (M-2) پر اسلام آباد سے بلکسر تک کے حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ ایم 14 (M-14)پر ہکلہ سے یارک، ہزارہ ایکسپریس وے پر برہان سے تھاکوٹ اور سوات ایکسپریس وے پر کرنل شیر خان سے چکدرہ تک بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران سڑکیں شدید پھسلن کا شکار ہو جاتی ہیں جس سے گاڑیوں کے بے قابو ہونے اور حادثات کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، اس صورتحال کے پیشِ نظر ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رفتار انتہائی کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب سے زیادہ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں گاڑی کو بحفاظت روکا جا سکے۔

مسافروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور وائپرز کی درست حالت کو یقینی بنائیں اور دورانِ سفر اچانک بریک لگانے سے مکمل گریز کریں۔ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے لہذا تمام تر توجہ صرف سڑک اور ڈرائیونگ پر مرکوز رکھی جائے۔ موٹروے پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے کسی بھی مشکل یا ہنگامی مدد کی صورت میں شہری فوری طور پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں جہاں عملہ رہنمائی اور مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔