خیبر پختونخوا حکومت ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کی فراہمی کےلیے عملی اقدامات کر رہی ہے، شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کی فراہمی اور جدید طرز حکمرانی کے فروغ کےلیے عملی اقدامات کر رہی ہے

پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کی فراہمی اور جدید طرز حکمرانی کے فروغ کےلیے عملی اقدامات کر رہی ہے، وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا کو جدید ٹیکنالوجی کا مرکز بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک ارب روپے کی لاگت سے خیبر پختونخوا آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کرے گی جس کا مقصد عوامی خدمات میں مصنوعی ذہانت کےاستعمال،سرکاری نظام کو مزید مؤثر بنانا اور تعلیمی نظام میں سے آئی کو فروغ دینا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری نوجوانوں کے روشن مستقبل میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پشاور کے مختلف عوامی مقامات پر فری پبلک وائی فائی سروس کا بھی آغاز کر رہی ہے، مفت وائی فائی سروس منصوبے کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، مفت وائی فائی سروس کا دائرۂ کار مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بھی بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 374 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، خیبر پختونخوا سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کے قیام کے لیے بھی بجٹ میں 900 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی سروسز کی ڈیجیٹل انٹیگریشن کے لئے 300 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چئیرمن کے ویژن کے مطابق ڈیجیٹل گورننس کے فروغ سے خیبر پختونخوا کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو جدید، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور عمل پیرا ہے۔