خیبر پختونخوا حکومت کی پہلی ترجیح امن و امان کی بحالی ہونی چاہئے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی پر مرکوز ہونی چاہئے، صوبائی حکومت کی موجودہ ترجیحات عوامی مفادات سے متصادم ہیں

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی پر مرکوز ہونی چاہئے، صوبائی حکومت کی موجودہ ترجیحات عوامی مفادات سے متصادم ہیں۔اتوار کواسلام آباد میں اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں، اس لئے صوبے میں امن و امان کی بحالی حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔گورنر نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخوا پر پی ٹی آئی حکومت کا کوئی انتظامی کنٹرول نہیں ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں لانگ مارچ کے حوالے سے متضاد رائے پائی جاتی ہے تاہم پی ٹی آئی کی سنجیدہ قیادت معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے پی ٹی آئی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے،عدالت کے فیصلے کے بعد دیکھا جائے گا کہ لانگ مارچ کو کیسے روکنا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ رواں سال صوبہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج سے اب تک محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے فراہم کردہ فنڈ سے ڈی آئی خان میں ایس آئی یو ٹی ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ملاقات میں دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری، نوائے وقت کے ایڈیٹر عزیر علوی، اسلام آباد پوسٹ کے چیف ایڈیٹر انصر بھٹی، جی این این ٹی وی کے اعجاز احمد اور نیوز ون کے علی فرقان بھی شریک تھے۔