خیبر پختونخوا لاء آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب محکمہ قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی
خیبر پختونخوا لاء آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا لاء آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب محکمہ قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔محکمہ قانون خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق صوبائی وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم نے نومنتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔نئی کابینہ میں ڈسٹرکٹ اٹارنی ارشد عالم صدر، صمد خان سینئر وائس پریزیڈنٹ، نور علی وائس پریزیڈنٹ، عباس خان جنرل سیکرٹری، طارق خان فنانس سیکرٹری، اسداللہ انفارمیشن سیکرٹری اور ماجد خان جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے جنہوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔تقریب میں سیکرٹری محکمہ قانون ، ڈی جی لاء اینڈ ہیومن رائٹس، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر خیبر پختونخوا لاء آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ارشد عالم نے ایسوسی ایشن کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم کی بنیاد 2015 میں رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام سابق صدور نے لاء آفیسرز اور ڈسٹرکٹ اٹارنیز کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابل قدر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 75 ڈسٹرکٹ اٹارنیز مختلف سول مقدمات میں حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کی کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد ہے جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ارشد عالم نے کہا کہ وزیر قانون آفتاب عالم کی خصوصی کاوشوں اور دلچسپی کے باعث گزشتہ سال ڈسٹرکٹ اٹارنیز کو اسپیشل الاؤنس کی منظوری ملی جس سے لاء آفیسرز کے حوصلے بلند ہوئے اور ان کی فلاح و بہبود میں بہتری آئی۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ قانون نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاء آفیسرز کے تمام جائز مطالبات کے حل کے لیے محکمہ قانون اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ اٹارنیز بھی اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مزید محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ڈسٹرکٹ اٹارنیز صوبے میں قانون کی حکمرانی، حکومتی مفادات کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈسٹرکٹ اٹارنیز کے متعدد جائز مطالبات کو بڑی حد تک پورا کیا ہے جبکہ دیگر جائز مطالبات کے حل کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔آفتاب عالم نے کہا کہ لاء آفیسرز ایکٹ میں ضروری ترامیم بھی زیر غور ہیں تاکہ ادارے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سروس ڈیلیوری کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی اور تمام لاء آفیسرز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے جوابدہ ہیں۔وزیر قانون نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کابینہ لاء آفیسرز کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور ادارے کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ قانون اور حکومت خیبر پختونخوا لاء آفیسرز کو درپیش پیشہ ورانہ اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر وزیر قانون آفتاب عالم نے اپنی خدمات مکمل کرکے ریٹائر ہونے والے لاء آفیسرز نورزمان، زبیر خان اور مصطفیٰ کمال کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں توصیفی شیلڈز پیش کیں۔ شرکاء نے ریٹائر ہونے والے افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








