پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 راولپنڈی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ عملے کو نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
راولپنڈی، بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی ہائی الرٹ، اہلکار نشیبی علاقوں میں تعینات
راولپنڈی۔ 04 جون (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 راولپنڈی نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ عملے کو نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق نالہ لئی کے اطراف، کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ اہلکار بارشوں کے دوران مسلسل گشت اور نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ریسکیو حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
والدین اپنے بچوں کو بارش کے دوران نالہ لئی، برساتی نالوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ریسکیو 1122 نے ڈرائیوروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیاں کم رفتار پر چلائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ شہری اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور کمزور یا خستہ حال عمارتوں اور چھتوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔
ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے جبکہ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے کے ممکنہ خطرات کے باعث سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے بھی اجتناب کیا جائے۔ریسکیو 1122 راولپنڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔









