ایس ڈی پی آئی اور آئی ڈی ایس پی کا بلوچستان میں تحقیق اور پالیسی تعاون کے ایم او یو پر دستخط

پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(ایس ڈی پی آئی) اور انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ سٹڈیز اینڈ پریکٹس (آئی ڈی ایس پی) کوئٹہ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(ایس ڈی پی آئی) اور انسٹیٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ سٹڈیز اینڈ پریکٹس (آئی ڈی ایس پی) کوئٹہ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کا مقصد تحقیق، پالیسی سازی، علمی تبادلوں، استعداد کار میں اضافے اور بالخصوص بلوچستان میں کمیونٹی کی سطح پر پائیدار ترقی سے متعلق مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔تین سالہ معاہدے پر آئی ڈی ایس پی کی بانی اور ڈائریکٹر ڈاکٹر قرة العین بختیاری اور ایس ڈی پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے تحقیق ڈاکٹر ساجد امین جاوید نے دستخط کئے۔اس موقع پر ڈاکٹر قرة العین بختیاری نے کہا کہ یہ شراکت داری بلوچستان کے نوجوانوں، محققین اور ترقیاتی شعبے سے وابستہ افراد کے لئے نئے مواقع پیدا کرے گی جبکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور مقامی سطح پر ترقیاتی عمل کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ڈاکٹر ساجد امین جاوید نے کہا کہ یہ تعاون تحقیق، پالیسی اور عملی اقدامات کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کی پالیسی مہارت اور آئی ڈی ایس پی کے بلوچستان بھر میں وسیع عوامی روابط اور زمینی تجربات کو یکجا کر کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے شواہد پر مبنی تحقیق، پالیسی مکالمے، علم کے تبادلے اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینے کےلئے مشترکہ اقدامات کریں گے جو پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی اور مشاورتی منصوبوں پر کام کریں گے اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مطالعاتی سرگرمیوں کیلئے اپنی مہارت، وسائل اور سہولیات بروئے کار لائیں گے۔ اس کے علاوہ مشترکہ اشاعتوں، کانفرنسوں، پالیسی مشاورت اور تحقیقی نتائج کی ترویج و اشاعت میں بھی تعاون کیا جائے گا۔اس شراکت داری کے ذریعے آئی ڈی ایس پی کے طلبہ اور فارغ التحصیل افراد کو ایس ڈی پی آئی کے انٹرن شپ اور رضاکارانہ پروگراموں میں شرکت کے مواقع میسر آئیں گے۔ طلبہ دونوں اداروں کی نگرانی میں تحقیقی منصوبوں، میڈیا پروڈکشن اور دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے جس سے انہیں عملی تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوں گی۔ دونوں ادارے ماہرین اور تربیت کاروں کے تبادلے کے ذریعے علم اور تجربات کو ایک دوسرے تک منتقل کریں گے جبکہ کانفرنسوں اور استعداد کار بڑھانے والی سرگرمیوں میں شرکت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔معاہدے کے تحت ایس ڈی پی آئی اور آئی ڈی ایس پی باہمی رضامندی اور دستیاب وسائل کی بنیاد پر تربیتی مراکز، ورکشاپس اور علمی تقریبات کی سہولیات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گے۔اس شراکت داری کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ بلوچستان سے متعلق پالیسی مکالمے اور وکالت کی سرگرمیوں کے لئے آئی ڈی ایس پی کو ایس ڈی پی آئی کا بنیادی ادارہ جاتی شراکت دار قرار دیا گیا ہے۔ آئی ڈی ایس پی بلوچستان کی نمائندگی پالیسی فورمز، ترقیاتی منصوبہ بندی، موسمیاتی موافقت کی حکمت عملیوں اور حکومتی مشاورتی عمل میں کرے گا۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر پالیسی بریفس، موقفی دستاویزات اور شواہد پر مبنی سفارشات بھی تیار کریں گے۔مفاہمتی یادداشت میں ادارہ جاتی لوگوز کے استعمال، تشہیری سرگرمیوں، مالی امور اور مستقبل میں ممکنہ ترامیم سے متعلق اصول بھی طے کئے گئے ہیں تاکہ تمام مشترکہ سرگرمیاں باہمی اتفاق رائے کے ساتھ انجام دی جائیں اور ہر ادارے کی خدمات اور کردار کا مناسب اعتراف یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں