پیرا نے اسلام آباد میں ایس او پیز کے تحت سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت دے دی

پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقررہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقررہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تعلیمی ماہرین، نجی تعلیمی اداروں اور والدین نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے لئے ایک مثبت اور بروقت اقدام قرار دیا ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق سمر کیمپس کے انعقاد سے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ طلبہ کی تعلیمی کمزوریوں کے ازالے، نصاب کی بروقت تکمیل اور سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ اور صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ محمد بشارت نے سمر کیمپس کی اجازت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم فیصلے کے حصول کے لئے مختلف تعلیمی تنظیموں اور نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے مسلسل رابطوں اور مؤثر نمائندگی کے ذریعے اپنا کردار ادا کیا۔حافظ محمد بشارت نے چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح اور سیکرٹری پیرا محمد جاوید اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سمر کیمپس کی اجازت طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے لئے خوش آئند خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ ایسے بچوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو مختلف وجوہات کی بنا پر تعلیمی عمل سے دور ہو چکے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجی تعلیمی شعبہ معیاری تعلیم کے فروغ اور قومی تعلیمی اہداف کے حصول کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔تعلیمی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سمر کیمپس کے ذریعے طلبہ کو سیکھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور وہ نئے تعلیمی سال کے لئے زیادہ مؤثر انداز میں تیار ہو سکیں گے۔

مزید خبریں