خیبر پختونخوا میں آٹے کے شدید بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، اختیار ولی خان

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے خیبر پختونخوا میں آٹے کے شدید بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3000 روپے سے تجاوز کرنا صوبائی مینجمنٹ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 18ویں آئینی ترمیم …

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے خیبر پختونخوا میں آٹے کے شدید بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3000 روپے سے تجاوز کرنا صوبائی مینجمنٹ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے بعد گندم کی خریداری اور غذائی تحفظ مکمل طور پر صوبائی ذمہ داری ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے وفاق اور پنجاب پر الزام تراشی کا سیاسی ڈرامہ رچا رہی ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اختیار ولی خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا یہ خاصا رہا ہے کہ وہ مصنوعی قلت پیدا کر کے رزق اور عوام کی بھوک کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی گودام گندم سے بھرے ہونے کے باوجود محض سیاسی انتشار کے لئے وفاق کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ بنایا گیا۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نےوزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ منشیات کے دھندے بند کرانے اور عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر توجہ دیں کیونکہ بحیثیت چیف ایگزیکٹو وہ اس بحران کے واحد ذمہ دار ہیں۔