دنیا بھر میں آج اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

دنیا بھر میں آج اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے والے امن فوجیوں کی قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):دنیا بھر میں آج اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے والے امن فوجیوں کی قربانیوں اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ پاکستان نے اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دینے والے اپنے بہادر افسران، جوانوں اور خواتین اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، جو دنیا کے مختلف خطوں میں قیامِ امن کے لیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ پاکستانی امن دستے اس وقت ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ سمیت مختلف ممالک میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 1960 سے اب تک 29 ممالک میں اقوامِ متحدہ کے 48 امن مشنز میں تقریباً 2 لاکھ 37 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا، جنہوں نے عالمی امن کے قیام اور متاثرہ علاقوں میں انسانی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے پسماندہ اور شورش زدہ علاقوں میں امن آپریشنز کے دوران خواتین اہلکاروں کی نمائندگی اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے دوران اب تک 183 پاکستانی افسران اور جوان عالمی امن کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ ان شہدا کی قربانیاں اقوامِ عالم کے لیے امن، استحکام اور انسانی ہمدردی کی روشن مثال ہیں۔ پاکستانی امن فوجی دستے نہ صرف امن و امان کی بحالی بلکہ انسانی امداد، طبی سہولیات، تعلیم اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی پیس کیپرز نے عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں