اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):دوطرفہ اورکثیرجہتی شراکت داروں کے ساتھ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طورپر 10.643ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق غیر ملکی اقتصادی معاونت ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ معاونت بنیادی طور پر کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں کی جانب …
دوطرفہ اور کثیر جہتی شراکت داروں کے ساتھ گزشتہ مالی سال 10.643ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، چین پاکستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت داررہا، وزارت اقتصادی امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):دوطرفہ اورکثیرجہتی شراکت داروں کے ساتھ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طورپر 10.643ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق غیر ملکی اقتصادی معاونت ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ معاونت بنیادی طور پر کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے اور اسکا مقصد ترقی پذیر معیشتوں کو مالیاتی عدم توازن سے نمٹنے، زرِمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25کے دوران پاکستان نے دوطرفہ اورکثیرجہتی شراکت داروں کے ساتھ 10.643ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے، ان میں سے 5.061ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں 1.289ارب ڈالرکے معاہدے دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں جبکہ 4.294ارب ڈالر غیر ملکی تجارتی بینکوں سے کئے گئے ،پاکستان نے دوطرفہ اورکثیرجہتی شراکت داروں کے ساتھ جومعاہدے کئے ان میں سے 40 فیصد بجٹ معاونت /ادائیگیوں کے توازن سے متعلق تاکہ زرِمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط اور شرحِ مبادلہ کو مستحکم کیا جا سکے، 15 فیصد پروگرام فنانسنگ، 25 فیصد منصوبہ جاتی فنانسنگ جبکہ 20 فیصد اجناس کی مالی اعانت سے متعلق تھے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2.206 ارب ڈالر معاونت کے وعدے کیے جو کثیرالجہتی شراکت داروں کے مجموعی وعدوں کا 44 فیصد ہے، عالمی بینک 1.942ارب ڈالر معاونت کی فراہمی کے وعدے کیے جو کثیرالجہتی شراکت داروں کے مجموعی وعدوں کا 38 فیصد ہیں جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 892 ملین ڈالر مالی معاونت کے وعدے کئے جو کثیرالجہتی شراکت داروں کے مجموعی وعدوں کا 18 فیصدہے۔
دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں میں چین پاکستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت داررہاہے، گزشتہ مالی سال کے دوران چین نے پاکستان کو584ملین ڈالرکی مالی معاونت فراہم کی، اس فہرست میں سعودی عرب 221ملین ڈالرکے ساتھ دوسرے اورفرانس 117ملین ڈالرکے ساتھ تیسرے نمبرپرہے۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2025میں پاکستان نے بجٹ معاونت،ادائگیوں کے توازن اورزرمبادلہ کے ذخائرکومضبوط بنانے کیلئے 6.221ارب ڈالرکی معاونت حاصل کی،ان میں سے پراجیکٹ فنانسنگ کاحجم 3.541ارب ڈالر،پروگرام فنانسنگ 1.630ارب ڈالر اورکموڈیٹی فنانسنگ کاحجم 752ملین ڈالررہا۔
پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت جاری کی جانے والی رقوم سے حکومت کی شعبہ جاتی ترجیحات کی عکاسی ہورہی ہے ، گزشتہ مالی سال کے دوران توانائی و بجلی کے شعبے کو سب سے زیادہ حصہ ملا اوراس شعبہ کیلئے 1.370ارب ڈالر جاری کیے گئے ، 2022 کے سیلاب سے متعلق بحالی اور استحکام کی سرگرمیوں کے لیے 591 ملین امریکی ڈالر فراہم کیے گئے ،ٹرانسپورٹ و مواصلات کیلئے 201 ملین ڈالر، منصوبہ بندی و رہائش 186 ملین ڈالر، صحت 184 ملین ڈالر، آبی وسائل 170 ملین ڈالر، گورننس 127 ملین ڈالر، زراعت 119 ملین ڈالر، تعلیم 113 ملین ڈالر، سائنس و ٹیکنالوجی 101 ملین ڈالر، تعمیرات100 ملین ڈالراور ماحولیات کیلئے 98 ملین ڈالرجاری ہوئے۔








