دو آزاد امیدواروں سمیت مسلم لیگ (ن) کی نشستیں 11 بنتی ہیں، مزید آزاد ارکان سے رابطے جاری ہیں، حافظ حفیظ الرحمن

سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں دو آزاد امیدوار جو مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے کامیاب ہوئے ہیں،

گلگت۔ 08 جون (اے پی پی):سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں دو آزاد امیدوار جو مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے کامیاب ہوئے ہیں، کو شامل کرنے کے بعد پارٹی کی نشستوں کی تعداد 24 رکنی اسمبلی میں 11 بنتی ہے۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر آزاد امیدواروں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ انتخابات میں مخلوط مینڈیٹ سامنے آیا ہے اور فی الحال یہ واضح نہیں کہ کس سیاسی جماعت کے پاس حتمی طور پر کتنی نشستیں ہیں۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ ایک سے دو دن میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور مسلم لیگ (ن) کے نمبرز مزید بہتر نظر آئیں گے۔ دو سے چار حلقوں میں جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں ابھی تک نتائج کا اعلان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی مسائل کے باعث دور دراز علاقوں سے رابطوں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک باضابطہ طور پر کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی بہتری اور جمہوری روایات کے مطابق وفاقی حکومت کے تعاون اور سرپرستی میں، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی رہنمائی اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی ہدایات کے تحت آئندہ حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جو بھی فیصلہ گلگت بلتستان کے عوام کے بہترین مفاد میں ہوگا، مسلم لیگ (ن) اس کی حمایت کرے گی۔اس سے قبل حافظ حفیظ الرحمن نے اتوار کے روز منعقدہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سب مل کر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کام کریں گے۔

مزید خبریں