رانا ارادت شریف خان کی امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدے میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے کلیدی کردار کی تعریف

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کے چیئرمین رانا ارادت شریف خان نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدے میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی پیش رفت سے عالمی معیشت کو کساد بازاری سے بچانے اور انرجی کرائسز کو ختم کرنے میں مدد ملے گی

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کے چیئرمین رانا ارادت شریف خان نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ امن معاہدے میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی پیش رفت سے عالمی معیشت کو کساد بازاری سے بچانے اور انرجی کرائسز کو ختم کرنے میں مدد ملے گی جس کے مثبت اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رانا ارادت شریف نے بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک ڈیٹرنس کی مضبوطی اور انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدے)کے تحت پاکستان کے پانی کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ ملکی واٹر لائف لائن کو برقرار رکھا جا سکے۔ مستحکم معیشت کے لیے انہوں نے زرعی شعبے کو پاکستان کا سب سے مضبوط اور بحرانوں سے نکالنے والا شعبہ قرار دیا۔ رانا ارادت شریف نے تجویز دی کہ کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے ڈی اے پی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور دیہات و تحصیل کی سطح پر جدید زرعی اسٹوریج کا انفراسٹرکچر قائم کیا جائے تاکہ کاشتکار اپنی فصلوں کے صحیح دام حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے گندم کی خریداری کے لیے ایک مستقل ملکی پالیسی وضع کرنے، پانی کی بچت کے لیے جدید زرعی تکنیک اپنانے، اور نہروں میں ٹیل تک پانی کی یکساں فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دولت کی منصفانہ تقسیم، انٹرپرینیور شپ اور وینچر کیپیٹلزم کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سستے انرجی مکس (سولر اور ونڈ پاور) کی طرف منتقلی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

مزید خبریں