راولپنڈی ،لوک ورثہ اسلام آباد میں پنجاب کی ثقافت کے رنگ ، شازیہ رضوان کی شرکت، فنکاروں کی شاندار پرفارمنسز نے سماں باندھ دیا

راولپنڈی۔ 10 نومبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل غلام شاہد صغیر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر محمد وقاص سلیم کے ہمراہ لوک ورثہ اسلام آباد شکر پڑیاں میں جاری لوک میلہ میں شرکت کی۔وفد نے میلے میں لگائے گئے مختلف ثقافتی، دستکاری اور ہنرمندوں کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ شازیہ رضوان نے کاریگروں کی محنت اور ہنر …

راولپنڈی۔ 10 نومبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل غلام شاہد صغیر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر محمد وقاص سلیم کے ہمراہ لوک ورثہ اسلام آباد شکر پڑیاں میں جاری لوک میلہ میں شرکت کی۔وفد نے میلے میں لگائے گئے مختلف ثقافتی، دستکاری اور ہنرمندوں کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

شازیہ رضوان نے کاریگروں کی محنت اور ہنر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سٹال نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کی ثقافتی وراثت کی خوبصورت عکاسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہنرمندوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت ایسے فنکاروں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔میلے کی خاص بات“پنجاب نائٹ”تھی، جو مکمل طور پر پنجاب کی موسیقی اور ثقافتی ورثے کے نام وقف تھی۔ اس موقع پر پنجاب کے معروف لوک فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ روایتی دھنوں، ڈھول کی تھاپ اور صوفیانہ کلام نے ماحول کو روح پرور بنا دیا۔

شرکاء نے فنکاروں کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا اور تالیاں بجا کر داد دی۔ شازیہ رضوان نے بھی فنکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی لوک موسیقی ہماری ثقافت کی روح ہے، آج کے پروگرام نے اس روایت کو زندہ کر دیا ہے۔تقریب کے اختتام پر حاضرین نے کہا کہ اس طرح کے ثقافتی ایونٹس نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ قوم کے مختلف حصوں کو ایک دوسرے کے قریب بھی لاتے ہیں۔