پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں مضر صحت اور ناقص گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی اور تقریباً 1500 کلو گرام گوشت تلف کر دیا۔
راولپنڈی میں مضر صحت اور ناقص گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام ، 1500 کلو گرام گوشت تلف

مزید خبریں
راولپنڈی۔14اپریل (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں مضر صحت اور ناقص گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی اور تقریباً 1500 کلو گرام گوشت تلف کر دیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق امتیاز مارکیٹ، چاکرہ کے قریب ناکہ بندی کے دوران گوشت سے بھری ایک مشکوک گاڑی کو روک کر چیک کیا گیا۔ معائنے کے دوران گاڑی میں موجود بڑی مقدار میں باسی، بدبودار اور ناقص گوشت برآمد ہوا جسے ویٹرنری ڈاکٹر نے تفصیلی جانچ کے بعد انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا۔ حکام کے مطابق برآمد شدہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے شہریوں تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ گوشت خفیہ طریقے سے شہر میں سپلائی کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا جبکہ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ناقص اور مضر صحت خوراک کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ یا ناقص اشیائے خورونوش کے خلاف فوری شکایات درج کروائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔








