راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز بارش کے باوجود شہر میں صفائی کی بہترین صورتحال برقرار رکھنے کیلئے متحرک

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز بارش کے باوجود شہر میں صفائی کی بہترین صورتحال برقرار رکھنے کیلئے متحرک رہے، برستی بارش میں نالیوں کی صفائی، ویسٹ پکنگ، ویسٹ لفٹنگ اور مینوئل سوئیپنگ کا عمل جاری رکھا گیا تاکہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

راولپنڈی۔ 04 جون (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز بارش کے باوجود شہر میں صفائی کی بہترین صورتحال برقرار رکھنے کیلئے متحرک رہے، برستی بارش میں نالیوں کی صفائی، ویسٹ پکنگ، ویسٹ لفٹنگ اور مینوئل سوئیپنگ کا عمل جاری رکھا گیا تاکہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بارش کے سلسلے کے پیش نظر ورکرز نشیبی علاقوں میں الرٹ رہے اور صبح و شام کے اوقات میں خصوصی صفائی انتظامات کیے گئےتاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہیلپ لائن 1139 کی آگاہی مہم بھی بارش کے باوجود جاری رکھی گئی۔مارکیٹس میں شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ میگا فون اور وہیکل اناؤنسمنٹ کے ذریعے بھی 1139 ہیلپ لائن سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔سکولوں اور ڈور ٹو ڈور آگاہی کے ساتھ ساتھ چوکوں اور چوراہوں میں آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں تاکہ شہری اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں، کیاسک ڈیسک پر شہریوں کی شکایات کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف مقامات پر اعلانات کے ذریعے بھی ہیلپ لائن کے بارے میں آگاہی دی جا رہی ہے۔

سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ بارش کے دوران صفائی کے عمل کو برقرار رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ورکرز فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہیلپ لائن 1139 کی آگاہی مہم کا مقصد شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے بروقت اندراج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی برقرار رکھنے میں ادارے کا ساتھ دیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 1139 ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔