:ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے نجی سکولوں اور کالجز میں عمارتوں کی ساختی مضبوطی، فائر سیفٹی انتظامات اور صحت و صفائی کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے جامع حفاظتی مہم شروع کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے تعلیمی اداروں کے روزانہ کی بنیاد پر معائنے شروع کر دئیے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ترجمان نے’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے …
راولپنڈی کے 5 ہزار نجی سکولوں اور کالجز میں حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال کا آغاز، خلاف ورزی پر سیل کرنے کی وارننگ

مزید خبریں
راولپنڈی ۔22اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے نجی سکولوں اور کالجز میں عمارتوں کی ساختی مضبوطی، فائر سیفٹی انتظامات اور صحت و صفائی کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے جامع حفاظتی مہم شروع کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے تعلیمی اداروں کے روزانہ کی بنیاد پر معائنے شروع کر دئیے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ترجمان نے’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق نجی تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات اور متعلقہ سرٹیفکیٹس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ طلبہ اور تدریسی عملے کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
معائنہ ٹیمیں اداروں کے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس، آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی اور فعالیت، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ترجمان نے خبردار کیا کہ عمارتوں کی مضبوطی، آگ سے تحفظ اور دیگر حفاظتی معیارات سے متعلق قواعد و ضوابط اور طریقہ کار پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی نوعیت اور متعلقہ قواعد کے مطابق ادارے کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ضلع راولپنڈی میں تقریباً 5 ہزار نجی سکول اور کالجز قائم ہیں، جو اس حفاظتی معائنہ مہم کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایک نجی سکول کے سربراہ نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے اور سرکاری سکولوں میں گنجائش محدود ہونے کے باعث نجی تعلیمی ادارے شرح خواندگی میں اضافے اور طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ طلبہ کے لیے محفوظ عمارتوں، صاف ستھرے ماحول اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے حکومتی پالیسیوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔تاہم بعض نجی سکولوں کی انتظامیہ نے شکایت کی ہے کہ انہیں مجوزہ معائنوں کے بارے میں پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے مشاورت یا تیاری کا مناسب موقع فراہم کیا گیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے اداروں کو واضح ہدایات اور ضروری رہنمائی فراہم کرنا بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ضلعی معائنہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر نجی تعلیمی اداروں کا دورہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ عمارتوں اور دیگر سہولیات کی جانچ پڑتال کے ذریعے حفاظتی معیار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔







