شارجہ ۔ 24 مارچ (اے پی پی) ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں …
رضوان کی سنچری رائیگاں، آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی

مزید خبریں
شارجہ ۔ 24 مارچ (اے پی پی) ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، فنچ اور عثمان خواجہ نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپننگ شراکت میں 209 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، خواجہ 88 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے لیکن فنچ ڈٹے رہے، انہوں نے 153 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، رضوان کی سنچری رائیگاں گئی، فنچ مسلسل دوسرے میچ میں مین آف دی میچ ایوارڈ لے اڑے۔ اتوار کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی قائد شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 284 رنز بنائے، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور میں جہی رچرڈسن نے امام الحق کو آئوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، شان مسعود بھی متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر رچرڈسن کی ہی گیند کا نشانہ بن گئے، اس موقع پر حارث سہیل اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 87 کے سکور پر فنچ نے حارث کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 34 رنز بنائے، عمر اکمل 16 رنز بنا سکے، انہیں لیون نے اپنا شکار بنایا، اس موقع پر رضوان نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 127 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 239 تک پہنچا دیا، یہاں پر شعیب ملک 60 رنز بنا کر زمپا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، رضوان نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور بنانے کے بعد 115 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، فہیم اشرف 14 رنز بنا سکے، عماد وسیم 19 اور یاسر شاہ ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، رچرڈسن اور کولٹرنیل نے 2، 2 لیون، زمپا اور فنچ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 47.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، فنچ اور عثمان خواجہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرین شرٹس کے بائولرز کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کو 209 رنز کا آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، خواجہ 88 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، میکسویل 19 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد فنچ نے شان مارش کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، فنچ نے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھلی، شان مارش 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔








