روحانی شکر گزاری اور عبادات کا مہینہ شوال جاری ،اس کے روزوں کی بڑی اہمیت ہے،مذہبی سکالرز

مسلمانوں کے لئے روحانی شکر گزاری اور عبادات کا اسلامی مہینہ شوال جاری ہے۔شوال اسلامی قمری تقویم کا دسواں مہینہ جو خاص مذہبی اہمیت کا حامل ہے

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):مسلمانوں کے لئے روحانی شکر گزاری اور عبادات کا اسلامی مہینہ شوال جاری ہے۔شوال اسلامی قمری تقویم کا دسواں مہینہ جو خاص مذہبی اہمیت کا حامل ہے ۔ معروف مذہبی سکالر اور جماعت اسلامی خواتین ونگ اسلام آباد کی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ سیف نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے ماہ شوال کی فضیلت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس مہینے چھ روزے رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ان سے سال بھر کے روزے رکھنے کا ثواب ملتا ہے۔ حضرت ابو ایوب الانصاری رضی اللہ عنہ سے روایت کی گئی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے رمضان المبارک کے روزے رکھے اور پھر شوال کے چھ روزے رکھے تو گویا اس نے عمر بھر کے روزے رکھے‘‘ (صحیح مسلم)۔

وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ اسلام میں شوال کی بڑی اہمیت ہے، اس کی پہلی رات لیلۃ الجائزہ (ثواب کی رات) کے نام سے جانی جاتی ہے جو اجر الٰہی کی رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوال حج کے مہینوں میں سے ایک ہے۔ حج کا موسم تین مہینوں پر مشتمل ہے جن میں شوال، ذوالقعدہ اور ذوالحجہ شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ شوال کے پورے مہینے میں وزارت مذہبی امور عازمین حج کے لیے تربیت، ویکسینیشن، سفری دستاویزات اور دیگر انتظامات سمیت تیاریوں کو حتمی شکل دے گی اور یقینی بنائے گی کہ حج پروازیں ذی القعدہ کی پہلی تاریخ سے شروع ہو سکیں اور پورے مہینے میں جاری رہیں۔