روزنامچہ اندراج، شفاف تفتیش اور منشیات کے نمونوں کی محفوظ ترسیل ثابت کرنا استغاثہ کی قانونی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ منشیات مقدمات میں پولیس رولز کے تحت روزنامچہ اندراج، شفاف تفتیش اور منشیات کے نمونوں کی محفوظ ترسیل ثابت کرنا استغاثہ کی قانونی ذمہ داری ہے بصورت دیگر ملزم کو شک کا فائدہ دیا جائے گا۔رپورٹنگ کے لئے منظور شدہ تحریری تفصیلی فیصلہ کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس …

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ منشیات مقدمات میں پولیس رولز کے تحت روزنامچہ اندراج، شفاف تفتیش اور منشیات کے نمونوں کی محفوظ ترسیل ثابت کرنا استغاثہ کی قانونی ذمہ داری ہے بصورت دیگر ملزم کو شک کا فائدہ دیا جائے گا۔رپورٹنگ کے لئے منظور شدہ تحریری تفصیلی فیصلہ کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منشیات برآمدگی کیس میں ملزمہ وجاہت بی بی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کر دیا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے تحریری فیصلہ قلمبند کیا۔عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اے این ایف حکام کے بیانات میں برآمدگی کے طریقہ کار، موقع پر کارروائی اور نجی گواہوں کی شمولیت سے متعلق سنگین تضادات پائے گئے جس سے استغاثہ کا مقدمہ مشکوک ہو گیا۔فیصلے کے مطابق تفتیشی افسر نے وہ روزنامچہ اندراجات بھی عدالت میں پیش نہیں کیں جن سے یہ ثابت ہو سکتا تھا کہ اے این ایف ٹیم خفیہ اطلاع پر کارروائی کے لئے روانہ ہوئی تھی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پولیس رولز 22.48 اور 22.49 کے تحت ایسی اندراجات لازمی ہیں اور ان کی عدم پیشی پر منفی قانونی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے مزید قرار دیا کہ استغاثہ منشیات کے نمونوں کی محفوظ تحویل اور لیبارٹری تک ترسیل کا غیر منقطع سلسلہ بھی ثابت نہیں کر سکا۔ روڈ سرٹیفکیٹ اور متعلقہ ریکارڈ میں موجود خامیوں نے استغاثہ کے مؤقف کو مزید کمزور کر دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ فوجداری قانون کا مسلمہ اصول ہے کہ اگر ایک بھی ایسا پہلو سامنے آجائے جو ملزم کے خلاف شک پیدا کرے تو اس کا فائدہ ملزم کو دینا لازم ہے۔ اسی بنیاد پر عدالت نے لاہور ہائی کورٹ اور انسدادِ منشیات عدالت کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے وجاہت بی بی کو بری کرنے اور فوری رہائی کا حکم دیا۔