روس یوکرین بحران کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے میں ناکامی پرگہری تشویش ہے ، جنیوا میں پاکستان کے مندوب کا انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب

جنیوا۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان نے یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن سے پیدا ہونے والے تنازع میں تحمل اور غیر متناسب اقدامات سے گریز کرنے پر زور دیا ہے اورایک ہفتے سے جاری روس یوکرین بحران کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے میں ناکامی پر "گہری تشویش" کا اظہار کیا ہے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ دفتر میں پاکستان کے مستقل نمائندہ ، پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے گزشتہ روز …

جنیوا۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان نے یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن سے پیدا ہونے والے تنازع میں تحمل اور غیر متناسب اقدامات سے گریز کرنے پر زور دیا ہے اورایک ہفتے سے جاری روس یوکرین بحران کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے میں ناکامی پر "گہری تشویش” کا اظہار کیا ہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ دفتر میں پاکستان کے مستقل نمائندہ ، پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے فوری سیشن میں مندوبین کو بتایا کہ ہمیں روس یوکرین بحران کے حل کے سلسلے میں سفارتکاری اور انسانی حقوق کے تحفظ میں ناکامی اور تنازعات سے پیدا ہونے والے انسانی اثرات پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں، لوگوں کے حق خود ارادیت، طاقت کے عدم استعمال ، ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور تنازعات کےاقوام متحدہ اور اس کے اداروں کے زیر انتظام حل پر کاربند ہے کیونکہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ذمہ داریوں کی پابندی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی لانے ، مزید انسانی مشکلات اور نقل مکانی کو روکنے کے لیے سفارتی حل ناگزیر ہے ۔ پاکستانی مندوب نے روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ روس یوکرین بحران کے حل کے لیے مذاکرات جاری رہنے چاہیئں جبکہ مذاکراتی عمل میں کشیدگی والے علاقے میں پھنسے افراد کے تحفظ اور انسانی حقوق پر بھی بات چیت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نسل، قومیت اور مذہب کی بنیاد پر بلا تفریق تمام متاثرہ افراد کو انسانی امداد پہنچائی جانی چاہیے۔ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کوششوں کو تیز کرنے اور شہریوں کے محفوظ انخلا کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی والے علاقے میں پاکستانی شہریوں سمیت تمام افراد کی فلاح و بہبود اور تحفظ پر گہری تشیوش ہے ، جن میں سے زیادہ تر افراد کو کشیدگی والے علاقے سےنکال لیا گیا ہے اور جو پیچھے رہ گئے ہیں انہیں نکالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین اور دیگر ممالک کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں اور ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہریوں کے انخلا کے لیے محفوظ راستہ فراہم کریں ۔

مزید خبریں